تحریک لبیک کی پیر سید جلال الدین شاہ کی یاد میں مذہبی کانفرنس
لاہور (پ ر) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام امام العصر حضرت پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے داروغہ والا لاہور میں حافظ الحدیث کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور شعبہ حفظ سے فارغ التحصیل ہونے والے حفاظ کرام کی دستارِ فضیلت بھی کی گئی۔ حافظ الحدیث کانفرنس کی صدارت آستانہ عالیہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی نے کی جبکہ ممتاز مذہبی سکالر پروفیسر محمد عبد الخالق نورانی بغدادی اور مفتی محمد وقار احمد مدنی نے خصوصی خطاب کیا۔حافظ الحدیث کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور کے پرنسپل ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نے کہا آپ کے زیر سایہ ہی میرے اندر دینِ اسلام کی سرحدوں پر پہرا دینے کا جذبہ پروان چڑھا،یہ میرے مرشد کامل حضرت حافظ الحدیث کا فیض ہے کہ بندہ ناچیز اس ملک میں نظام مصطفیٰ ؐ کی حکمرانی اور ناموس مصطفیٰؐ کی پاسبانی کے لیے میدان عمل میں ہے۔