والدین پر تنقید
پنجاب کے نوجوان، ہونہار اور ذہین وزیر اطلاعات اسلم اقبال نے آزادی مارچ پر غصہ اتارتے ہوئے مولانا فضل الرحمن اور اسفندر یار ولی کے والد صاحبان کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے جس پر اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر والدین کا احترام نہیں ہو گا تو پھر وزیراعظم کے والد تک بھی بات پہنچے گی۔یاد رکھنا چاہیے کہ مولانا فضل الرحمن کے والد گرامی مولانا مفتی محمود اور اسفندر یار ولی کے والد محترم خان عبدالولی خان اور دادا خان عبدالغفار خان انتہائی معزز، اور قابل ِ احترام شخصیات ہیں۔انہوں نے(خصوصاً خان عبدالغفار خان نے) تحریک آزادی میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے اپنے لوگوں کی خدمت کی،اور اصولوں کے ساتھ جڑے رہے۔ان سے اختلاف کے باوجود ان پر فخر کیا جا سکتا ہے، عمران خان کے والد اکرام اللہ خان نیازی بھی ایک دیانتدار اور بہادر سرکاری افسر تھے، ان کے بارے میں زبان طعن دراز کرنا کسی طور مناسب نہیں۔اس سے احتراز کرنا لازم ہے۔بزرگوں کی پگڑیوں سے کھیلنے اور انہیں اچھالنے کی کسی کو جرأت نہیں ہونی چاہیے۔