ترقی کے لیے قومی سطح پر ترجیحات کا تعین ضروری ہے‘ فیصل آباد چیمبر

      ترقی کے لیے قومی سطح پر ترجیحات کا تعین ضروری ہے‘ فیصل آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) آر اینڈ ڈی اور سی پیک بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے قومی سطح پر ترجیحات کے تعین اور ان مقاصد کے حصول کیلئے زمینی حقائق سے مطابقت رکھنے والی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ وہ آج اس سال کیلئے تشکیل دی جانے والی قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈاکٹر خرم طارق، مزمل سلطان، مجتبیٰ حسن،خواجہ محمدامجد،انجینئرعاصم منیر،کاشف ضیاء اور ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل بھی اس کمیٹی سے وابستہ تھے جس نے گزشتہ سال کے دوران کئی اہم تعلیمی اور تحقیقی اداروں سے مفاہمت کی یا دداشتوں پر دستخط کئے۔ انہوں نے بجلی کی فراہمی اور سٹیل انڈسٹری کی ترقی پر زور دیا تاکہ پاکستان میں مقامی طور پر مشینری کی تیاری کا سلسلہ شروع ہو سکے۔ انہوں نے کمیٹی کے ممبروں سے کہا کہ وہ بھی اپنی رائے دیں تاکہ فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کی آگاہی کے ساتھ ساتھ ملکی سطح کیلئے اہم پالیسیوں کی تیاری میں بھر پور حصہ لیا جا سکے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے آٹو انڈسٹری کے قیام کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حالات میں درآمدی کاریں سستی ہیں مگر یہاں اُن کی تیاری مہنگی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر ایکسپریس وے کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ تاجروں کو اس سے ملحقہ شاہراہوں پر اپنے یونٹ قائم کرنے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ مجتبیٰ حسن نے کہا کہ ٹیوٹا کو ماڈرن فارمنگ کے بارے میں مختصر مدت کے کورس متعارف کرانے چاہیں جس پر مزمل سلطان نے بتایا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینٹکس انجینئرنگ پہلے ہی یہ کورس کرا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں صرف ڈگریاں بانٹی جا رہی ہیں جبکہ ملک کو ایسے عملی نوجوانوں کی ضرورت ہے جو نوکریوں کی بجائے زمینی حقائق کے مطابق اپنی صنعتیں اور کاروبار شروع کر سکیں۔

مزید :

کامرس -