جی ڈی پی میں ایس ایم ایز سیکٹرکا حصہ 40فیصد ہے‘ ماہرین
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کا شعبہ 80 فیصد غیر زرعی افرادی قوت کو روز گار فراہم کررہا ہے جبکہ ملک کی صنعتی پیداواری صلاحیت میں شعبہ کا حصہ 90 فیصد ہے۔ ایس ایم ایز کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں ایس ایم ایز سیکٹر 40 فیصد کا حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوسط آمدنی والے مالک کی معاشی ترقی میں شعبہ کا کردار کلیدی ہے۔ متوسط آمدنی والے ممالک میں ایس ایم ایز سیکٹر مجموعی طور پر 95 فیصد روز گار فراہم کررہا ہے جبکہ ان ممالک کے جی ڈی پی میں شعبہ کا حصہ 70 فیصد ہے۔ اس طرح زیادہ آمدنی والے ممالک میں ایس ایم ای سیکٹر جی ڈی پی میں 55 فیصد کا حصہ دار اور 65 فیصد روزگار فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ایس ایم ایز کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی سے نہ صرف روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد حاصل ہوگی بلکہ اس سے سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔
اس کے علاوہ ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی سے تجارتی خسارہ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔