بر آمدات کے فروغ میں سفارتخانے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

  بر آمدات کے فروغ میں سفارتخانے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، کارپٹ ٹریننگ ...

  



لاہور(این این آئی) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ  برآمدات کے فروغ میں پاکستانی سفارتخانے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،سفارتکار اپنی تعیناتی والے ملک میں مختلف مصنوعات کے استعمال کے رجحان اور نئے آنے والے فیشن کے حوالے سے پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو آگاہ کریں تاکہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کر کے ان مارکیٹوں پر گرفت کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں بھی نئے رجحانات کو فروغ دیا جارہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ایسے ڈیزائنز کی تیاری پر فوکس کیا جائے جنہیں بیرون ممالک پسند کیا جاتاہے جس کیلئے ریسرچ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہجب تک ہمیں باہر کے ممالک میں رہنے والوں کی پسند اور ان کی مقامی منڈیوں تک رسائی حاصل نہیں ہوگی ہماری برآمدات کو فروغ نہیں مل سکتااس لئے ہمیں اس پر بھرپور توجہ دینا ہو گی۔ بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانے برآمدات کے فروغ میں اہم ٹول ثابت ہو سکتے ہیں اور اس کیلئے انہیں اہداف دئیے جائیں۔ سفارتکار اپنے ملک کے مینوفیکچررز اور برآمدگان سے رابطے میں رہیں اورانہیں اپنی تعیناتی والے ملک کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں تاکہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ اس ملک کی مارکیٹ کا رخ کرسکیں۔

مزید : کامرس