پنجاب، بلوچستان کے 19اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع

پنجاب، بلوچستان کے 19اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع

  



لاہور/ کوئٹہ (این این آئی)پنجاب اور بلوچستان کے 19اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے، اس کے لئے 18ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے چھ اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج(پیر)سے شروع ہو گی۔ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق لاہور، ملتان، سرگودھا، جہلم، منڈی بہاالدین اور چکوال کے اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق کی وجہ سے ملتان اور لاہور کے مکمل اضلاع کو مہم میں شامل کیا گیا ہے،جہلم میں پولیو کیس کی وجہ سے ضلع سے متصل یونین کونسلوں میں بھی پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔مہم میں 28 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے11 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔امسال ملک بھر میں پولیو سے 77 بچے متاثر ہو ئے جبکہ پنجاب میں پولیو سے پانچ بچے متاثر ہو چکے ہیں۔دریں اثناء ا یمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر راشد رزاق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 13 اضلاع  میں تین روزہ خصوصی پولیو مہم  (آج) پیر 4 نومبرکو شروع کی جا رہی ہے، اس دوران نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور،ڈیرہ بگٹی،سبی،لورالائی،دکی،ہرنائی، زیارت، کوئٹہ،پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع میں پانچ سال تک عمر کے 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 3 قلعہ عبداللہ،2 جعفرآبادجبکہ ایک کوئٹہ اور ایک ہرنائی سے رپورٹ ہوا جن کی بنیاد پر پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔راشد رزاق نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران7 ہزار481کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ 4 ہزار547 موبائل ٹیمیں، 450 فکسڈ سائیڈاور444 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہوں گی۔

پولیو مہم

مزید : صفحہ آخر