نواز شریف کی شوگر کنٹرول نہ ہوسکی ، بلد کلاٹ ختم کرنیوالی دوائی روکدی گئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق قائم میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کی صحت پہلے سے بہتر قرار دےدی۔شہباز شریف نے دیگر اہل خانہ سمیت ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت بھی کی۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے 12 رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کو انکی صحت کے بارے میں آگاہ کیا۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کے خون میں پلیٹ لیٹس کی مقدار برقرار ہے لیکن شوگر بڑھی ہوئی ہے۔ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ نواز شریف کی نہار منہ شوگر 170 رہی۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت پہلے سے بہتر قرار دی۔اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے آج بلڈ ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ادھر ماہرین پر مشتمل ٹیم اب تک کوششوں میں مصروف ہے کہ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں اچانک کمی کی وجہ جان سکیں۔تاہم ساتھ ہی یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ نواز شریف کو علاج کیلئے ملک کے کسی اور ہسپتال یا بیرونِ ملک لے جایا جاسکتا ہے جہاں ان کا مزید بہتر علاج ہوسکے۔دوسری جانب لیگی رہنماو¿ں نے یہ کہتے ہوئے اس امکان کو مسترد کردیا تھا کہ ان کی صحت کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے یہ ممکن نہیں،دوسری طرف میڈیکل بورڈ کی مسلسل کوششوں کے باوجود سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت بحالی کی جانب گامزن نہ ہو سکی ،میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی اسٹیرائیڈز کی ڈوز میں بتدریج کمی لانا شروع کر دی گئی ،شوگر لیول بھی کنٹرول نہ ہو سکا، ذرائع کے مطابق نوازشریف کو خون کے کے کلاٹ ختم کرنے والی دوائی کلوپیڈوگرل کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے اور جب تک نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے تجاوز نہیں کریں گے تب تک کلوپیڈوگرل کا استعمال نہیں کرایا جائے گا ۔علاوہ ازیں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ، بھائی شہباز شریف اور نواسے جنید صفدر نے ہسپتال آ کر ان کی عیادت کی ۔ میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف سے بھی نواز شریف کو علاج معالجے کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی جانب سے سروسز ہسپتال کے باہرنواز شریف کی صحتیابی کےلئے دعاﺅں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ روز (ن) لیگ منیارٹی ونگ کی جانب سے بھی نواز شریف کی جلد صحت یابی کےلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
نوازشریف