یا اللہ دین کی ہوائیں چلا، امت کو پریشانیوں سے نکال دے 

        یا اللہ دین کی ہوائیں چلا، امت کو پریشانیوں سے نکال دے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رائے ونڈ (این این آئی)عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آہوں، سسکیوں اوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔اختتامی دعامولانا محمد ابراہیم آف انڈیانے کروائی۔دعا کا دورانیہ 28منٹ رہا۔دعا صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوئی۔دعا کے اہم نکات درج ذیل تھے۔یااللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے،یااللہ قرض داروں کے قرضوں کی ادائیگی کے لئے غائب سے اسباب پیدا فرما،بے اولادوں کو نرینہ اولاد نصیب فرما،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما۔یاللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما،اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما،یاللہ ہمارئے اٹھائے ہوئے ہاتھوں کو قبول فرما،دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے،امت کو مشکلات اور پریشانیوں سے نجات دے،مساجد کی حفاظت فرما،یاللہ دین کی ہوائیں چلا دے،دین کی فضا ئیں بنا دے،ہر امتی کو دین پر چلنے والا بنا دے،اکرام مسلم پر عمل کی توفیق فرما،اجتماع کو قبول فرما۔عالمی تبلیغی اجتما ع کے اختتامی روز شرکاء کی 6لاکھ سے تجاوز کرگئی،آخری روز دعا میں شرکت کرنے کیلئے لاہور سمیت دیگر مقامات سے لوگوں کی بڑی تعداد نماز فجر کے بعد رائے ونڈ پنڈال پہنچنا شروع ہو گئی۔اختتامی دعا سے قبل مولانا خورشیداحمدنے مجمع کو ہدایات دیں۔پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے اجتماع گاہ کو جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی اورجگہ جگہ پولیس کے مسلح اہلکار تعینات رہے۔اجتماع گاہ کی پارکنگ میں جگہ کم پڑ جانے سے زائرین کی کثیر تعداد نے اپنی گاڑیاں فیکٹری ایریا میں پارک کیں۔حفاظ اکرام کی جماعتیں پنڈال کے اردگرد قرآن حکیم کی تلاوت پر مامور رہیں۔عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطا ب کرتے ہو ئے مولانا خورشید احمد،مولانا محمد اسماعیل،مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے کہا کہ ہر کلمہ گو دنیا کیساتھ ساتھ آخرت کی فکر بھی کرے،ہر انسان کو جنت میں لیجانے کی تڑپ اور فکر سینوں میں پیدا کرنا ہوگی، تبلیغی جماعت کی ترتیب پہلے سہ روزہ،پھر عشرہ پھر چلہ لگا کر دین کو سیکھا جائے،ہمیں زندگی کے دیگر معاملات کی طرح تبلیغ کے لئے وقت نکالنا چاہیے،اس سے ایک تو دین کی سوجھ بوجھ آئیگی دوسرا زندگی کا اصل مقصد واضح ہوگا۔انہوں نے کہا آج ہم جن مصائب اور مسائل کا شکار ہیں یہ سب دین سے دوری کے نتائج ہیں جو ابھی ہمیں مزید بھگتنے ہیں،اللہ انسان کی توبہ کا شدت سے منتظر ہے،انسان کی تقدیر دعاؤں میں پوشیدہ ہے،آج بھی توبہ کرلیں تو تقدیر بدل سکتی ہے۔ علمائے کرام نے مندوبین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ کے راستے میں جان،مال اور وقت لگانے والوں سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتے ہیں اور اس کے عوض دنیا اور آخرت کی کامیابیاں انہیں نصیب کردیتے ہیں،اس لئے دل شکستہ ہونے کی بجائے دعوت کے کام کو اپنائے رکھیں،اللہ غیبی طاقت سے آپ کی مدد کرے گا۔عاجزی اختیار کرنے میں راحت ہے۔آخری دعا میں دنیا بھر کے مصیبت زدہ مسلمانوں کے لئے خاص طور پر ملکوں کے نام لیکر دعا کی گئی۔دعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ اے اللہ ہمارے گناہ معاف فرما دے اور ہمیں دین کی سمجھ عطا کردے، اے اللہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم اسلامی ریاست بنادے، پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کی عزت و تکریم کو محفوظ بنادے، امت کے گناہوں سے درگزر فرماکر اپنی رحمتوں کا نزول کردے،امت محمدیہؐ کے درمیان اختلافات ختم کرکے اسے امت واحدہ بنادے،مسلمانان عالم کو تبلیغ کی برکات سے دین الٰہی پر چلنے والا بنادے،اللہ تو بخشنے والا مہربان ہے امت مسلمہ پر مہربانیوں کے دروازے کھول دے،دوزخ کے بھیانک عذاب سے بچا کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمادے۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ دنیاوی لذتوں میں گم ہوکر امت محمدیہؐ دین الٰہی سے دور جاچکی ہے،تبلیغ کا عظیم مشن بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کیلئے ہے،عظیم ہیں وہ لوگ جو خالص اللہ کی رضا کیلئے اپنے گھر بار چھوڑ کر امام کائنات حضرت محمد رسول اللہ ؐکی سنتوں کو ہر انسان تک پہنچانے کی سعی کررہے ہیں۔مسلمانوں کی عزت وتکریم صرف اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی مکرم ؐکے طریقوں پر زندگی گزارنے میں ہے،جب سے امت محمدیہ نے قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کرنے کی بجائے اغیار کے اقوال پر عمل کرنا شروع کیا ہے اس وقت سے ذلت و خواری ان کا مقدر بنی ہوئی ہے،اگر مسلمان دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بارگاہ الٰہی میں رو رو کر اپنی سابقہ گناہ آلود زندگیوں سے توبہ کریں اور آئندہ سے اپنے تمام معاملات قرآن و سنت کے مطابق ادا کرنے کا عہد کریں،اللہ بڑا غفورورحیم اوربخشنے والا مہربان ہے امت محمدیہ ؐ پر اپنے انعام وکرام کا نزول کردے گا۔
تبلیغی اجتماع

مزید :

صفحہ اول -