مذہب کے نام پر سیاسی مفادات کی جنگ لڑنا نہایت افسوسناک ہے: محمود خان 

      مذہب کے نام پر سیاسی مفادات کی جنگ لڑنا نہایت افسوسناک ہے: محمود خان 

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جمہوری اقدار اور روایات کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے تاہم اْنہوں نے واضح کیاکہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے آزادی مارچ کے قائدین ملک دشمن قوتوں کی آوازبننے کی بجائے تعمیری بات کریں اور قومی اداروں پر بلا جواز اور بے بنیاد تنقید سے گریز کریں۔ایک طویل جدوجہد اور بڑی قربانیوں کے بعد خطے میں امن کی بحالی ممکن ہو ئی ہے۔ پوری دْنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہیں، ہم مزید کسی تجربے یا آزمائش کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور عوامی نمائندوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد کا کسی بھی دوسری جماعت کے ساتھ موازنہ بنتا ہی نہیں۔ پی ٹی آئی موروثی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک وڑن اور مشن کے تحت وجود میں آئی ہے جس کا مقصد پاکستان کو بدعنوان نظام اور مفاد پرستی پر مبنی سیاست سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں ایک عوامی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے اس کے برعکس پی ٹی آئی کے مخالف نام نہاد سیاستدانوں نے جمہوریت کو ہمیشہ اپنی لوٹ مار پر پردہ ڈالنے اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے استعمال کیا ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے آزادی مارچ میں رکاوٹیں نہ ڈال کر عملی طور پر جمہوری ہونے کا مظاہرہ کیا ہے۔ محمود خان نے واضح کیا کہ موجودہ مارچ کیلئے پی ٹی آئی کے سابقہ دھرنے کو دلیل بنانا غیر منطقی اور سمجھ سے بالاتر ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات اور تحفظات دلائل کی بنیاد پر حکومت وقت کے سامنے رکھے تھے اور حکومت کو اصلاح اور عمل درآمد کیلئے خاطر خواہ وقت دیا تھا اس کے باوجود اْس وقت کی حکومت نے تمام جمہوری اقدار کو روندتے ہوئے ریاستی دہشت گردی اور نہتے کارکنوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کیا تھا۔ آج جمہوری حق کی باتیں کرنے والے اپنا طرز عمل بھول چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اْن کی حکومت نے آزادانہ مارچ کی اجازت دی ہے تاہم مارچ میں شامل قائدین اور دیگر شرکاء کو چاہیئے کہ وہ آئینی حدود کی پاسداری کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی پر عوام کو نہ اْکسائیں جو ملک و قوم کی سلامتی اور امن عامہ میں رخنہ ڈالنے کا سبب بنے۔اْنہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے عمران خان کی بے لوث اور مخلص قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ایک خوشحال ملک بنانا ہماری منزل ہے اور ہم اپنی منزل کے حصول کیلئے صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ ایک سال میں اس مقصد کے تحت ثمر آور اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہم عوام کے تعاون سے بہتری کا یہ سفر جاری رکھیں گے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنا کر دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام اور مذہب کے نام پر سیاسی مفادات کی جنگ لڑنا نہایت افسوسناک ہے اْنہوں نے واضح کیا کہ اسلام کسی وضع قطع کا نام نہیں بلکہ عمل اور کردار کا نام ہے ہم سب مسلمان ہیں اور ختم نبوت پر نہ صرف کامل یقین رکھتے ہیں بلکہ اس کے تحفظ کیلئے اپنی جان بھی دینے کو تیا رہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر بطور وزیراعظم جس انداز میں اسلام کا حقیقی تشخص پیش کیا ہے اور ناموس رسالت کیلئے آواز بلند کی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اْنہوں نے واضح کیا کہ مذہب کے نام پر عوام کے جذبات سے کھیلنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سیاسی مقاصد کیلئے مذہبی کارڈ کا استعمال اب قصہ پارینہ بن چکا ہے اب عوام باشعور ہیں۔وہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

مزید : صفحہ اول