وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی سوات میں (ن) لیگ کی اہم وکٹیں گرانے میں کامیاب 

وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی سوات میں (ن) لیگ کی اہم وکٹیں گرانے میں کامیاب 

  



پشاور (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف پی کے 6 کے زیر اہتمام سوات کے علاقہ کوزاباخیل زوڑہ میں شمولیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ میں وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کی موجودگی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنے خاندانوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی جلسہ سے خطاب میں صوبائی وزیر ڈاکٹرامجد علی نے پارٹی میں شمولیت اختیارکرنیوالے افراد کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت کی بہترین کارکردگی کے باعث ضلع سوات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن تحریک انصاف میں دھڑا دھڑ شمولیت اختیار کررہے ہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسی کے باعث آج صوبے میں عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خیبرپختونخوا میں اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر یک سوئی سے عمل پیرا ہے، جس کے نتائج مختلف شعبوں میں نظر  آنے لگے ہیں۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت  عوام کی خدمت  کے لئے کمر بستہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ماضی کے حکمرانوں کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور شفافیات پر قائم ہے۔ جلسہ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرامجد علی نے شمولیت اختیارکرنیوالوں کوپارٹی کی ٹوپیاں بھی پہنائیں۔شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کا کہنا تھا کہ سوات پی ٹی آئی کامضبوط گڑھ بن چکا ہے اور ن لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا ان کے حلقے سے صفایا ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیرڈاکٹرامجد علی نے حلقہ پی کے 6 میں کامیاب کنونشن کراکے علاقے کی سیاسی فضاء تبدیل کردی ہے۔ جلسہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے شیرزادہ، سرنزیب، ندیم اور سلیم  سمیت سینکڑوں افراد نے اپنے خاندانوں سمیت تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کااعلان کیا اور ڈاکٹرامجد علی کی قیادت  پر مکمل اعتماد کااظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف  کی بہترکارکردگی کی وجہ سے انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

مزید : صفحہ اول