عمران خان سے جلد نجات ملنے والی ہے، آگے بہتر ماحول دیکھتا ہوں: وزیراعلٰی سندھ 

عمران خان سے جلد نجات ملنے والی ہے، آگے بہتر ماحول دیکھتا ہوں: وزیراعلٰی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سہون(رپورٹ/نصراللہ انصاری)وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے جلد نجات ملنے والی ہے،چھٹکارہ ملنے کے بعد آگے بہتر ماحول دیکھتا ہوں،وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے سبب ہم بھی صوبے کے لوگوں کو نوکریاں نہیں دے سکے ہیں،حکومت نے لوگوں سے روزگار چھینا اور کشمیر کے معاملے پر پہلے ہی حکومت کو ناکامی ملی ہے،تحریک انصاف نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہے۔ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکام حکومت نے لوگوں سے روزگار چھینا ہے، اس نے صوبوں کے پیسے روک دیئے ہیں ہمیں اس حکومت سے جلد چھٹکارا ملے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامیاں کسی اور کے پلڑے میں ڈال رہی ہے، وزیرِ اعظم صاحب اجلاس میں اٹھ کر کہتے ہیں میں کیا کروں مجھے بتاؤ۔آزادی مارچ سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رہبر کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے نمائندے نامزد کیے ہیں، آزادی مارچ سے متعلق جو کچھ ہوگا رہبر کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی صورتِ حال پر بلاول بھٹو کی ہدایت پر فیصلہ کریں گے۔اس موقع پر ایک صحافی نے وزیرِ اعلی سندھ سے سوال کیا کہ مولانا کنٹینر پر اداروں کے خلاف بات کر رہی ہیں جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ اس کا جواب مولانا صاحب اور ان کی جماعت نے دے دیا ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق وزیرِ اعلی نے کہا کہ زرداری صاحب ضمانت کی درخواست خود کرنا چاہیں گے تو کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے ان کی جیلوں سے ڈر نہیں لگتا بھلے یہ اپنا زور آزما لیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کے ایشو پر حکومت ناکامی کا سامنا کر چکی ہے، کشمیر کے لیے ایک تقریر کے سوا حکمرانوں نے کیا کیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر معاملے پر کہا مجھے کیا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کشمیر معاملے پر سوائے ایک تقریر کے کیا کیا ہے۔ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے ہی ملک میں انتشار پھیلا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -