جماعت اسلامی سندھ میں تعلیم کے ذریعے تبدیلی لائے گی: محمد حسین محنتی 

جماعت اسلامی سندھ میں تعلیم کے ذریعے تبدیلی لائے گی: محمد حسین محنتی 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سندھ میں تعلیم کے ذریعے تبدیلی لائے گی، بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے تعلیم و تربیت کے ذریعے ایک نسل تیار کی جس نے پاکستان کے ہر طبقہ پر اپنے گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ عدلیہ کی بڑی شخصیات، میدان صحافت کے بڑے بڑے دانشور اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد مولانا کی فکر و تعلیم کے آج تک اسیر ہیں۔ تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے لوگوں کو نسل نو کی ذہنی و فکری تربیت کا اہتمام بھی کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کے تحت منعقدہ  ایک روزہ تعلیمی کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس سے دینی اسکالرز، دانشور وں اور تعلیمی ماہرین نے خطاب کیا جبکہ کراچی تاکشمور سندھ بھر سے شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد و اسکول مالکان نے شرکت کی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ رسولؐ نے تعلیم ہی کے ذریعے عرب کے جاہلی معاشرے کو دنیا کا سب سے ذیادہ متمدن تہذیب یافتہ اور ترقی یافتہ معاشرے میں تبدیل کردیا۔ مجھے آج اس تعلیمی کانفرنس سے وہ روشن مستقبل نظر آرہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں تعلیمی اداروں سے جوک در جوک اسلامی انقلاب کے علمبردار میدان عمل میں آرہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے اسلامی انقلاب کی بنیادیں رکھ دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مودودیؒ نے اسلام کے غلبہ اور اس پر ثابت قدم رہنے کیلئے جینے مرنے کا عزم دیا۔ اللہ کیلئے جینا مرنا اور اقامت دین کی تحریک کو غالب کرنا ہی بندہ مومن کا مقصد زندگی ہونا چاہیے۔ اصل کام اساتذہ و طلباء کو دین کے دائرے میں لاکر اللہ کیلئے جینے مرنے کا عزم اور دعوت کو دلوں میں اتارنا ہے۔ ڈائریکٹر تالیف پاکستان شہزاد قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایٹم بم سے بھی یادہ طاقتور ہے اس لئے امریکہ نے عافیہ صدیقی کو تو ہر حال میں گرفتار کیا اور ایٹم بم بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے معاملے میں مصالحت قبول کرلی۔ کیونکہ جس قوم کے پاس تعلیم نہ ہو اس کیلئے ایٹم بم بھی بیکار ہے یہ ہی حال پاکستانی قوم کا ہے آج کے دورے میں جس تعلیم کی ضرورت ہے اس سے پاکستان محروم ہے۔ شعبہ تعلیم شندھ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اسحاق منصوری نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے ذریعے پاکستان میں اسلامی انقلاب کیلئے سندھ کے تمام اضلاع کو لائحہ عمل دے دیا ہے جس کے مثبت اثرات جلد ہی سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں تنظیم اساتذہ پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر نصراللہ لغاری کو امیر صوبہ کو سیرت النبیؐ کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

مزید : صفحہ اول