’دھرنا کہیں اور منتقل نہیں کریں گے کیونکہ ۔۔۔‘ جے یو آئی ف نے حکومت کو ’ریلیف‘ دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما عبدالغفور حیدر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کامیاب رہی ہے، اس میں ہونے والے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمان جلسے میں کریں گے، احتجاج جاری ہے اور جاری رہے گا, دھرنا کہیں اور منتقل نہیں کریں گے کیونکہ یہاں تمام سہولتیں میسر ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اے پی سی کامیاب رہی؟ اس سوال کے جواب میں جے یو آئی ف رہنما نے کہا کہ اے پی سی مثبت رہی ہے، تمام جماعتیں یک زبان ہیں سب کا کردار مثبت تھا، کوشش ہے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرلیے جائیں، اے پی سی کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمان جلسے میں کریں گے۔
کیا دھرنا جاری رہے گا؟ اس سوال کے جواب میں مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ احتجاج جاری ہے اور جاری رہے گا، جلسہ کہیں اور منتقل نہیں ہوگا کیونکہ یہاں تمام سہولتیں دستیاب ہیں، وزیر اعظم کا استعفیٰ اولین مطالبہ ہے ، اس سے پیچھے نہیں ہٹے، تمام صورتحال اور امور کو سامنے رکھ کر اپنے فیصلے کریں گے، ہماری تحریک ہے، اپنے اہداف ہر صورت حاصل کریں گے۔