عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی  مذمت ، آزادانہ انکوائری کر کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، سراج الحق

عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی  مذمت ، آزادانہ انکوائری کر کے ذمہ داران کو ...
عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی  مذمت ، آزادانہ انکوائری کر کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، سراج الحق

  

خضدار (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ نہایت افسوس ناک، تکلیف دہ اور سفاکانہ واقعہ ہے، حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، آزادانہ انکوائری کر کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن خضدار بلوچستان میں محسنِ انسانیت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی و دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے پی ٹی آئی کنٹینر پر حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اورسابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے دیگر زخمی رہنماؤں اور کارکنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی۔ امیر جماعت اسلامی  چار روزہ دورہ پر بلوچستان میں ہیں جہاں وہ مختلف پروگراموں میں شرکت اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیاست میں تشدد، لاٹھی اورگولی کے کلچر کو ختم ہونا چاہیے، سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکنان کو پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں، پورا نظام صابن پر کھڑا ہے، بارود بھی موجود اور ماچس بھی ہے۔ پرامن ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی حق ہے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات ہر آئے روز خطرناک ہوتے جا رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کو باہمی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے راستہ تلاش کرنا ہو گا۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔

مزید :

قومی -