ملک کی تعمیروترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری، بلیغ الرحمن 

ملک کی تعمیروترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری، بلیغ الرحمن 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے وفد نے صدر ایف ڈبلیو سی سی آئی روبینہ امجد کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں ایف ڈبلیو سی سی آئی کی نو منتخب عہدیداران شامل تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا اورانہیں ترقی کے دھارے میں لانا بہت ضروری ہے۔اْنہوں نے کہا کہ ہماری خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح کسی سے کم نہیں اور مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ویمن چیمبرز لاکھوں خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ ویمن چیمبرز ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں اور انڈسٹری کے ساتھ روابط مضبوط کریں۔اْنہوں نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دینا اور فیصلہ سازی میں شامل کرنا بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو خواتین چیمبرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی  دوسری جانب جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ ضلع منڈ ی بہاوالدین میں عوامی مسائل خاص طور پر ڈسڑکٹ ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کو زیر بحث لایاگیا۔ پیر محفوظ مشہدی کے ہمراہ انجمن فلاح مریضاں کے صدر محمد نواز بھی ملاقات میں شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے 40سال سے قائم ہسپتا ل کی سہولیات کی فراہمی میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ معاشی صورت حال کو مسلم لیگ ن ہی بہتر بناسکتی ہے۔جس نے موٹر وے، سی پیک،تعلیمی اور عوامی منصوبوں کوپایہ تکمیل تک پہنچایا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -