پنجاب کے 64فیصد رقبے پر گند م کی کاشت مکمل 

        پنجاب کے 64فیصد رقبے پر گند م کی کاشت مکمل 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


         لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبہ پنجاب میں 16.5 ملین ایکڑ رقبہ گندم کے زیر کاشت لانے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جائیں یہ ہدایات احمد عزیز تارڑ سیکرٹری زراعت پنجاب کی طرف سے شعبہ زراعت توسیع کے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے آن لائن اجلاس میں جاری کی گئیں۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب نے گندم کی کاشت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈویڑن و ضلع وار گندم کی کاشت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے بارانی علاقوں میں 64 فیصد رقبے پر گندم کی کاشت مکمل ہو چکی ہے اور آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت کا عمل جاری ہے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ بارانی علاقوں میں گندم کاشت کے ہدف کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ آبپاش علاقوں میں کمیونٹی موبلائزیشن کے ذریعے گندم کی کاشت کے عمل کو تیز کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ دھان کے علاقوں میں گندم کی کاشت کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کی  بروقت کاشت مکمل کی جاسکے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کافیلڈ عملہ گندم کی بروقت کاشت کے قومی فریضہ کی تکمیل کے لئے ہر ممکن طریقہ سے کاشتکاروں کی مدد اور راہنمائی کرے۔انہوں نے زور دیا کہ کسانوں میں تحریک اورترغیب کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک میں فوڈ سیکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش رہے۔سیکرٹری زراعت نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کوگندم کی منتخب اقسام کابیج فری فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں منتخب اقسام کے تصدیق شدہ بیج کے90 لاکھ تھیلوں پر1200 روپے فی بیگ اور جڑی بوٹی مار زہروں پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ گندم کی بوائی سے قبل ہی امدادی قیمت میں 3000 روپے فی40 کلوگرام تک اضافہ کردیا ہے۔

مزید :

کامرس -