جنوبی پنجاب سکول اولمپکس، تقریبات شروع، مشعل روشن

جنوبی پنجاب سکول اولمپکس، تقریبات شروع، مشعل روشن

  

 بہاولپور، لودھراں (ڈسٹرکٹ بیورو، نمائندہ پاکستان)ساؤتھ پنجاب سکول اولمپکس 2022 کے سلسلہ میں ایک پروقار(بقیہ نمبر34صفحہ7پر)

 تقریب گورنمنٹ کینٹ ہائی سکول بہاولپور میں منعقد ہوئی۔ ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے سکول اولمپکس کی مشعل روشن کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز انجم، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم محمد شہباز طاہر، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلباء و طالبات موجود تھے۔ سکول اولمپکس کی مشعل بہاول پور ضلع کی ٹیم نے بہاول نگر سے حاصل کی اور آج مشعل روشن کرکے لودھراں ضلع کے کھلاڑیوں کے حوالے کی گئی۔ ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے سکولوں میں کھیلوں کے فروغ  اور نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار کی کاوشوں کو سراہا۔ ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ طلبہ و طالبات سکول اولمپکس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظم وضبط اور شاندار سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور کو کھیل کے شعبہ میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ دنیا کے نامور کھلاڑی اس خطہ میں پیدا ہوئے جنہوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ طلباء محنت اور لگن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور والدین و اساتذہ کا احترام کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سپورٹس سرگرمیاں نہایت ضروری ہیں سکول اولمپکس کا انعقاد اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول اولمپکس میں طلباء شاندار کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کریں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم محمد شہباز طاہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔وہ سپورٹس سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول اولمپکس میں طلبہ و طالبات کو کھیل کے شاندار مواقع حاصل ہوں گے جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور نواب بوائز اینڈ گرلز ہاکی ٹیموں نے جنوبی پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ سکول ہاکی لیگ پہلی پوزیشن حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سکول اولمپکس ہاکی مقابلہ جات مطیع اللہ خان ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ ساتھ پنجاب سکول اولمپکس 2022 کی مشعل مختلف اضلاع کا سفر طے کر کے لودھراں پہنچ گئی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لودھراں کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لودھراں میں مشعل برداری تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک احمد فراز اعوان نے بحثیثت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مسز شہناز چوہدری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ نیک محمد، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لبینہ بشری سمیت دیگر افسران بھی شریک  تھے۔   مشعل برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک احمد فراز اعوان نے کہاکہ صحت  مندمعاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول  اولمپکس کے انعقاد سے سکولوں کی سطح پر کھیلوں کو فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ صحتمند جسم اور دماغ کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں اور دیگر کھیلیں نمایاکردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے  ویژن  کے مطابق سکولوں میں  کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ  اولمپکس مشعل کو سکول میں لانے کا مقصدطلبا و طالبات میں کھیلوں سے متعلق  تحریک پیدا کرنا اور بچوں میں اعتماد پیدا کرنا ہے تاکہ ان کو آگاہ کیا جا سکے کہ انٹرنیشنل لیول پر کھیلوں کے مقابلہ جات کیسے منعقد کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے  نا صرف طلبا وطالبات میں سپورٹس بارے آگاہی پیدا ہو گی بلکہ مثبت سرگرمیوں بارے شعور بھی اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ  سکول اولمپکس میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کونکھارنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھیل کے میدان آباد کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک احمد فراز اعوان کمشنر نے سپورٹس کے فروغ کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے کردار کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مسز شہناز چوہدری نے بتایاکہ سکول اولمپیکس مشعل نے خانیوال سے اپنے سفر کا آغاز کیا جو مختلف اضلاع ہوتے ہوئے لودھراں پہنچی ہے۔ انہوں مزیدکہاکہ سکول اولمپکس مشعل مختلف اضلاع کا سفر طے کر کے 8 نومبر کو ملتان پہنچے گی جہاں سکول المپکس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سکول اولمپکس کے انعقاد کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی روایات کو بحال کرنا ہے تاکہ وہ کمپیوٹر، ویڈیو گیمز، موبائل کے بے جا استعمال سے دور رہتے ہوئے صحت مندانہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ تقریب میں طلباو طالبات نے ٹیبلوز بھی پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک احمد فراز اعوان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مسز شہناز چوہدری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ نیک محمد نے سکول اولمپکس مشعل محکمہ تعلیم ضلع رحیم یار خان کے نمائندوں کے حوالے کی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -