کنٹینر پر فائرنگ ،صدر ،وزیراعظم ترجمان پاک فوج کی شدید مذمت ، وزیراعظم نے چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ، تحقیقات میں مدد کرینگے : وزیر داخلہ 

 کنٹینر پر فائرنگ ،صدر ،وزیراعظم ترجمان پاک فوج کی شدید مذمت ، وزیراعظم نے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران کنٹیر پر فائرنگ کے باعث عمران خان کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ میں نے وزیر داخلہ کو آئی جی اور چیف سیکعٹری سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میں پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو سکیورٹی اور تفتیش کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ہماری ملکی سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ صدر عارف علوی نے ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پی ٹی ا?ئی چیئر مین محفوظ ہیں لیکن ان کی ٹانگ میں چند گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں اور امید ہے ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے، یہ حملہ افسوسناک، تشویشناک، ہے۔ اللہ ان کو اور تمام زخمیوں کو صحت عطا فرمائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذمتی پیغام جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ عمران خان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی عمران خان کے جلوس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور عمران خان اور دیگر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں احسن اقبال نے لکھا کہ اللہ کا شکر ہے عمران نیازی محفوظ ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ میں عمران نیازی کے کنٹینر پر وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور حکومت پنجاب کو تجویز دی انہیں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔جمعرات کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے قریب فائرنگ کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے میں عمران خان سمیت تمام زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں مریم نوازنے کہا کہ ’عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں اور ان سمیت تمام زخمیوں کی صحت کیلئے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔‘سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چیئرمین پی ٹی ا?ئی عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے وزیرآباد میں عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیاست میں تشدد کے مخالف تھے، ہیں اور رہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئر مین سینیٹ نے عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ واقعے کی مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں حمزہ شہبازنے کہا عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اللہ تعالی سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر آباد میں فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔ جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا پی ٹی آئی لانگ مارچ پر فائرنگ افسوسناک ہے ،بھرپور مذمت کرتے ہیں۔سیکورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی عمران خان اور تحریک انصاف کی دیگر قیادت اور کارکنوں کی حفاظت فرمائے۔ سیاسی جماعتیں اور کارکنان پاکستان کے لئے پرامن رہے۔ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔
رد عمل

مزید :

صفحہ اول -