ٹی20 ورلڈ کپ، ڈک ورتھ لوئس قانون  کے تحت پاکستان کی جنوبی افریقہ کو شکست 

   ٹی20 ورلڈ کپ، ڈک ورتھ لوئس قانون  کے تحت پاکستان کی جنوبی افریقہ کو شکست 

  

 سڈنی (سپورٹس رپورٹر) ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دےدی،ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 14 اوورز میں 108 رنز ہی بناسکی، 22 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اور 2 اوورز میں 16 رنز دےکر 2 وکٹیں حاصل کرنے کی زبردست آل راو¿نڈ کارکردگی پر نائب کپتان شاداب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قو می ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو وین پارنیل کو پہلے ہی اوور میں چوکا مارنے کے بعد محمد رضوان پویلین لوٹ گئے۔نئے بلے باز محمد حارث نے کریز پر آتے ہی جا ر حانہ انداز اپنایا اور کگیسو ربادا کو ایک ہی اوور میں لگاتار دو چھکے رسید کرتے ہوئے 17 رنز بٹورے۔حارث نے 11 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے لیکن نوکیا کی گیند پر ایک اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ایل ڈبلیو ہو گئے۔ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ مستقل جدوجہد کرنےوالے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی نگیدی کو وکٹ دے کر لوٹ گئے۔شان مسعود کا قیام بھی وکٹ پر چھ بالو ں تک محدود رہا اور وہ بھی نوکیا کی گیند پر آسان کیچ دےکر چلتے بنے۔43 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد افتخار احمد کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور دونوں نے ابتدائی طور پر محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور بتدریج بڑھا نا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کےلئے 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس موقع نواز 28 رنز بنانے کے بعد وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد افتخار کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 82 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس میں شاداب کی 20 گیندوں پر بنائی گئی نصف سنچری بھی شامل رہی ۔افتخار نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور 35 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔اس فتح کےساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 4 میچوں کے بعد پاکستان کے 4 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تاحال برقرار ہیں۔جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر کوئنٹن ڈی کوک پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ابھی سکور 16 تک ہی پہنچا تھا کہ شاہین نے اپنے اگلے اوور میں رائلی روسو کی اہم وکٹ بھی حاصل کر لی۔جنوبی افریقی کپتان باووما اچھی فارم میں نظر آئے اور ایڈن مرکرم کے ہمراہ 50 رنز جوڑے تاہم شاداب خان نے باو¿لنگ پر آتے ہی باووما کی 36 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند پر شاداب نے 20 رنز بنانےوالے مرکرم کا کام بھی تمام کردیا۔جنوبی افریقہ اس وقت تک 9 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے کہ میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا ۔بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 اوورز میں 73 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں کوئی بھی بلے باز پاکستانی باو¿لرز کا جم کر سامنا نہیں کرسکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں، اور یوں بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے 33 رنز سے فتح حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ باو¿لر شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاداب خان نے 2، نسیم شاہ، حارث رو¿ف اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان جیت

مزید :

صفحہ اول -