عمران خان کو کتنی گولیاں لگیں اور دونوں ٹانگوں پر کتنے زخم کے نشانات ہیں ؟ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ بیان جاری کر دیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )انتظامیہ جناح ہسپتال نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر سجاد گورایہ کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان کا میڈیکو لیگل مکمل کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر سجاد جناح ہسپتال کے شعبہ آرتھو پیڈک کے سربراہ ہیں، میڈیکل ٹیم میں فرانزک ڈاکٹر فرحت سلطانہ بھی شامل تھیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ جب عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال لایا گیا تو وہ بے ہوش تھے ، عمران خان کی دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی ہے ، دائیں ٹانگ پر گولی چھو کر گزری ہے جبکہ دوسری گولی نے بائیں ٹانگ کی ہڈی کو متاثر کیاہے۔ عمران خان کی دونوں ٹانگوں پر زخموں کے 16 نشانات پائے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں کچہری کے قریب عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے معظم گوندل نامی ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ متعد د زخمی ہوئے جن میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے رہنما بھی شامل ہیں ۔
عمران خان کو ٹانگ میں گولی لگنے پر انہیں کالے رنگ کی گاڑی میں وہاں سے فوری نکالا گیا اور لاہور شوکت خانم منتقل کیا گیا ۔ کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کو موقع پر ہی ایک کارکن نے دبوچ لیا تھا جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا ۔نوید نے پولیس کو اپنا اعترافی بیان دیدیاہے جس میں حیران کن انکشافات سامنےآئے ہیں ۔