پہلا ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی 

Nov 04, 2024 | 09:39 AM

میلبورن (ڈیلی پاکستان آن لائن ) آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے پہلی کامیابی سمیٹ لی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی باؤلرز نےشاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی آؤٹ کر دیئے تھے لیکن پیٹ کمنز  نے بہترین کھیل کا مظاہر کرتے ہوئےاپنی ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پیٹ کمنز نے 32رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں میتھیو شارٹ اور جیک فریزر کی جانب سے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا گیا، شاہین شاہ آفریدی نے بہترین گیندکروائی جسے میتھیو نے باؤنڈری کے پار کرنے کیلئے ایکشن لیا لیکن گیند ان کے بیٹ کے باہر کی جانب ٹکراتی ہوئی پیچھے سلپ پر کھڑے تھرڈ مین صائم ایوب کی جانب بڑھی ، گیند کو سلپ پر جاتا دیکھ کر کیپر رضوان بھی اس کی طرف بھاگے لیکن صائم ایوب احاطہ کر چکے تھے کہ یہ کیچ ان کا ہی ہے ، صائم ایوب نے چند قدم بڑھائے اور کیچ پکڑ کر آسٹریلیا کا پہلا کھلاڑی پولین پہنچایا ۔

تاہم ان کے ساتھ ہی اوپننگ پر آنے والےجیک فریزر بھی زیادہ دیر قدم جمانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 28 رنز کے مجموعے پر 16 سکور بنا کر نسیم شاہ کی گیند کا نشانہ بنے ۔نسیم شاہ نے گیند کروائی تو جیک فریزر نے اسے مڈ آن پر ہٹ کرنے کی کوشش کی لیکن گیند بیٹ کے درمیانی حصے میں ٹکراتی ہوئی سیدھی عرفان خان کے ہاتھوں میں جا گری ۔ یوں 28 رنز کے مجموعے پر آسٹریلیا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا۔

 تیسرے نمبر پر آنے والے سٹیون سمتھ نے حارث رؤف کی گیند پر پیچھے کی جانب کٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند سیدھی صائم ایوب کے ہاتھوں میں جا پہنچی اور یوں 113 رنز پر آسٹریلیا کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا ۔

اس کے بعد 139 رنز کے مجموعے پرپاکستان نے آسٹریلیا ایک ساتھ 2وکٹیں گرائیں ، اپنے اوور کی آخری گیند پر جوش انگلس49 رنز پر  شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو ئے تو اگلے اوور میں حارث رؤف نے آتے ہی مارنس لبوشین کو 16 رنز پر پولین پہنچا دیا ۔ 

ایرون ہارڈی 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ گلین میکس ویل صفر پر ہی حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو کر پولین پہنچ گئے ۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پوری پاکستانی ٹیم 46.4 اوورز میں 203 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی جس میں کپتان محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب صرف ایک سکور بنا کر سٹارک کی گیند پر سامنے کی طرف کھیلتے ہوئے انسائیڈ ایج ہونے سے بولڈ ہو گئے ۔

پاکستان کو دوسرے نقصان کا سامنا اوپنر عبداللہ شفیق کے محض 24 رنز کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہونے پر اٹھانا پڑا وہ بھی سٹارک کی ماہرانہ گیند کا نشانہ بنے ، عبداللہ شفیق اسے چھوڑنا چاہتے تھے لیکن گیند ان کے بیٹ کو چھوتے ہوئے کیپر کے ہاتھوں میں جا پہنچی ۔

تیسرے نمبر پر آنے والے بابراعظم ایک مرتبہ پھر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے ، وہ 37 رنز کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے کہ زیمپا اپنا پہلااوور کروانے آئے اور کھلاڑی نے انہیں رویتی لیگ سپنر ہی سمجھا  اور کریز سے پیچھے ہٹتے ہوئے سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے بیٹ کے نیچے سے نکلتی ہوئی سیدھی وکٹوں میں جا لگی اور وہ پولین پہنچ گئے ۔

قومی ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان نصف سینچری بناتے بناتے رہ گئے ، انہوں نے بھی وہی غلطی کی اور لبوشین کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے بیٹ کے باہر ولی سطح سے ٹکراتی  ہوئی پیچھے کی جانب گئی، انگلیسز نے بھاگتے ہوئے شاندار کیچ پکڑا اور رضوان 44 رنز کے ساتھ پولین لوٹ گئے ۔

قومی ٹیم کے کامران غلام 70 رنز کے مجموعے پر 5 رنز بنائے ہوئے تھے کہ کیومنز  کا طوفان کی طرح تیز  باؤنسر ان کے بلے سے ٹکراتا ہوا سیدھا کیپر کے ہاتھوں میں جا گرا ۔

سلمان آغا بھی ٹیم کی امیدوں پر پورا نہیں اتر پائے اور صرف 12 رنز بنا کر ابیٹ کی گیند پر پولین لوٹ گئے ۔ شاہین شاہ آفریدی 24 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔

عرفان خان 22 رنز پر سٹار کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم فاسٹ باولر نسیم شاہ نے ہمت کرتے ہوئے ٹیم کو 200 رنز کی سطح عبور کرنے میں مدد فراہم کی اور 40 رنز  پر کیومنز کی گیند پر سٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

مزیدخبریں