اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے عملے نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں پر فیصلہ 18نومبر کو ایک ساتھ سنایا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آبادڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 6اوربشریٰ بی بی کے خلاف ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے درخواست پر سماعت کی،جج نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونا تھا، سینٹرل جیل حکام کو ہدایت کریں کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر کریں،وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ عدالت سختی سے حکم دے تب بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا، مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی ، شہزاداکبر، فرح سمیت پانچ ملزمان ہیں،صرف دو ملزمان کی درخواست ضمانتیں ہیں باقیوں کی نہیں ہے،الزام آگیا کہ ملزمان نے فراڈ کیا اور جعلی رسیدیں دیں۔
جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ اس میں ایک ہی الفاظ ہیں پیش کیا گیا،وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ یہ پراسیکیوشن بتائے گی پیش کیا گیا کیوں لکھا ہے،جج افضل مجوکا نے استفسار کیا کہ ڈیڑھ سال تک آپ نے کیا تفتیش کی ہے؟اصل پراسیکیوٹر کدھر بھاگ گئے ہیں؟پراسیکیوٹر نے کہاکہ وہ آج انسداد دہشتگردی عدالت میں ہیں،جج افضل مجوکہ نے کہاکہ پولیس کا تو الزام ہی مطمئن کرنے والا نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو جولیٹر لکھا اس کا جواب کیا آیاوہ لے کر آئیں،سلمان صفدر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہیں کیا جاتا، کیونکہ ویڈیو لنک خراب ہے،بشریٰ بی بی آج موجود ہیں، بشریٰ بی بی کی حد تک آپ فیصلہ کردیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 6اوربشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جج افضل مجوکہ نے کہاکہ تھوری دیر میں ضمانتوں پر فیصلہ کروں گا۔
بعدازاں عدالتی عملے نےکہا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 18نومبر کو سنایا جائےگا، بانی پی ٹی آئی کی 6درخواست ضمانتوں پر دلائل 18نومبر کو طلب کر لئے گئے ہیں، عدالتی عملے نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں پر فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے گا۔