بھارتی فضائیہ کا ایک اور مگ 29 طیارہ گر کر تباہ

Nov 04, 2024 | 07:05 PM

لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھارتی فضائیہ کا ایک اور لڑاکا طیارہ مگ 29 گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لڑاکا طیارے نے ریاست پنجاب کے آدم پور سے آگرہ کے لیے پرواز بھری تھی اور آگرہ میں ہچکولے کھاتے ہوئے ایک آبادی کے نزدیک کھیت پر گر گیا۔طیارے میں لگنے والی آگ نے پورے کھیت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ طیارہ آگرہ میں جنگی مشق میں حصہ لینے کے لیے جا رہا تھا۔حادثے کے وقت پائلٹ نے پیراشوٹ کی مدد سے خود کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا۔ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر گرنے سے پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

انڈین ایئرفورس کے ترجمان نے بتایا کہ تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم واقعہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پائلٹ نے اس بات کو یقینی بنانے کے بعد کہ زمین پر جان یا مال کو کوئی نقصان نہ پہنچے، طیارے کو چھوڑا اور خود پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا دی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سال کی بھر محنت سے تیار ہونے والی فصل طیارہ حادثے میں جل کر خاکستر ہوگئی اگر مزید آگ پھیلتی تو اس میں کئی گھر بھی زد میں آجاتے۔کسانوں نے فصل کی تباہی کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امدادی ٹیموں کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے اتنا نقصان ہوا۔

مزیدخبریں