بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات ننکانہ میں شروع ہو گئیں
لاہور (خبر نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ انتظام سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسومات سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گئیں امریکہ،کینڈا، آسٹریلیا و دیگر مغربی ممالک اور اندرون ملک سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد کی شرکت۔بھارتی سکھ یاتری آج 4 نومبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہوں گے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ، ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورو دوارہ کے اطرف میں سیکیورٹی انتظامات، صفائی اور سکھ یاتریوں کے لئے دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین بورڈ نے گورو دوارہ میں رہائش بلاکس ، یاتریوں کے لئے مہیا کئے جانے والے بستر،صاف پانی کی فراہمی،لنگر خانہ کی صفائی و دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے سکیورٹی ونگ اور شرانئز کی ٹیم کے ہمراہ واہگہ بارڈر پر مہیا کی جانے والی سہولیات کا از سر نو جائز ہ لیا، انہوں نے امیگریشن کاؤنٹر کی سہولت،سیکورٹی سکینرز،یاتریوں کی امیگریشن کے بعد شناخت کارڈ کے سسٹم کی تنصیب،کھانا، انتظار گاہ و دیگر امورکا جائزہ لیا اور سٹاف کی کام کرنے کا طریقہ کار کی باقاعدہ ریہرسل کروائی۔بھارتی سکھ یاتری اپنا 10 روزہ مذہبی دورہ پاکستان مکمل ہونے پر 13 نومبر کو واپس روانہ ہوں گے۔
