نذیر احمد میوزک سوسائٹی نے آل پاکستان میوزک کانفرنس ٹرافی جیت لی
لاہور(فلم رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی نذیر احمد میوزک سوسائٹی نے آل پاکستان میوزک کانفرنس میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر سید واجد علی ٹیم ٹرافی جیت لی۔فوک میوزک میں حماد علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور انیس رضا گولڈ میڈل جیتا۔ اسٹرنگ کیٹیگری میں سید ثاقب انور نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ سیمی کلاسیکل، غزل اور انسٹرومنٹس کیٹیگری میں مبشر حسن، سیدہ آمنہ بتول، عبید یوسف اور شجاعت علی نے دوسری اور تیسری پوزیشنیں حاصل کیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نذیر احمد میوزک سوسائٹی ہمیشہ سے یونیورسٹی کی پہچان رہی ہے اور یہاں کے طلبہ ہر سال اپنی صلاحیتوں سے سب کا دل جیت لیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان فنکار آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک اور یونیورسٹی کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
