تاجروں کو ساز گار ماحول دیں، بے جا پالیسیاں اور رکاوٹیں مناسب نہیں: گورنر پنجاب
لاہور(این این آئی) گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کے لئے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے، تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ملکی ترقی کا پہیہ روکنے والے ملک کے دشمن ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تاجر برادری کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دے گی،بلاول بھٹو زرداری واحد نوجوان لیڈر ہیں جنہوں نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ لڑا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حکومتی ترجیحات کاروباری افراد کو مسائل میں ڈالنا نہیں بلکہ انہیں مسائل سے نکالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو اعتماد میں لئے بغیر کاروباری طبقے کے متعلق بے جا پالیسیاں بنانا مناسب نہیں۔اس موقع پرتاجر برادری نے گورنر پنجاب سے کہا کہ کبھی دس بجے دکانوں کو بند کرنے کی پالیسی،کبھی پیرا فورس اور کبھی بے جا ٹیکسوں سے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا رویہ تاجر برادری کے ساتھ اسی طرح کا رہا تو لوگ کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
گورنر پنجاب
