شدید سوشل میڈیا
جب سے سوشل میڈیا شدید سوشل ہوا ہے تو محبت کے انداز بھی بدل گئے ہیں۔ فیس بک سے شروع ہونے والی اکثر دوستیاں واٹس اپ پر محبت کی صورت پروان چڑھتی ہیں اور پھر تنہائی میں کی گئی باتیں سوشل ہونے پر دم توڑ جاتی ہیں۔ واٹس اپ پر لڑکوں کے میسجز ہوتے ہیں اور لڑکیوں کی ویڈیوز یا تصاویر۔ اکثر لڑکیاں میسج پڑھ کر ڈیلیٹ کر دیتی ہیں اور لڑکے ویڈیو یا تصاویر دیکھ کر زیادہ تر فارورڈ کرتے ہیں۔ قربت اور فرصت کے لمحات کو موبائل میں محفوظ کر کے محبت زندہ رکھنے کا اہتمام کر لیا گیا ہے،اس محفوظ محبت سے لڑکوں کے مار کھانے کے امکان جہاں ختم ہوئے ہیں وہاں محبت میں مرنے مارنے کی باتیں بھی اپنی موت آپ مر گئی ہیں۔ لڑکے اب لڑکی کے گھر کے سامنے کھڑے ہو کر کسی باپ بھائی کی غیرت کو للکار کر ہڈیاں نہیں تڑواتے۔ جو نامراد عاشق چوہے مار گولیاں کھا کر سمجھتے تھے کہ شیر کی موت مررہے ہیں اس دلیری میں بھی کمی آگئی ہے اب کوئی ٹیپو سلطان بننے کی کوشش نہیں کرتا جو شیر کی موت مرنا چاہتا تھا۔ ماؤں کے لعل اب محبت میں جان سے نہیں جاتے۔ بیٹی کی وائرل ہوئی نازیبا ویڈیو سے صرف باپ کی عزت جاتی ہے۔جب نیا نیا موبائل آیا تھا تو کسی لڑکی کے پاس اگر موبائل پایا جاتا تو اسے اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا تھا، اب اگر کسی کے پاس موبائل نہ ہو تو اسے بری نظر سے نہیں،ترحم بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے،غیر اخلاقی ویڈیوز اور تصاویر کے وائرل ہونے کا معاملہ بھی اسی طرح ہے۔ مستقبل میں جس لڑکی کی غیر اخلاقی ویڈیو وائرل نہ ہوگی اس پہ حیرت ہوا کرے گی۔
لڑکیوں کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز کے لیک ہونے کی تعداد میں جوں جوں اضافہ ہو رہا ہے اس سے زیادہ تر لڑکیاں شرمندہ کم پریشان زیادہ نظر آتی ہیں کہ کسی نے ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پہ شیئر کر کے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے، کچھ معصوم تو فیک ہے کہہ کر پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن کچھ اتنی اچھی ہوتی ہیں کہ ان کے سچا ہونے کا اقرار کر لیتی ہیں تاکہ مخالف فریق کو سزا دلوا سکیں جس نے ان کی ویڈیو فارورڈ کی۔ لیکن سچ یہ ہے کہ منا ایویں ای بدنام ہوتا ہے ویڈیو کو شئیر کرنے کا اصل کام منی خود کرتی ہے۔ ہر وہ لڑکی جو اپنی مرضی سے اپنے جانو مانو کو تصاویر یا ویڈیو کے ذریعے اپنے جلوے دکھا رہی ہے تو پھر واویلا کرنا چھوڑ دے کہ محبت کے نام پر اس کے ساتھ کھیلا گیا۔ الزام لگانے سے پہلے ایک بار یہ ضرور سوچے کہ کھیلنے کو میدان کس نے فراہم کیا تھا۔جب وہ خود اپنی حفاظت نہیں کر سکی تو کسی دوسرے سے کیسے توقع کر سکتی ہے۔
کوئی بھی لڑکا کسی لڑکی سے خاص تصویر کا تقاضا کرے تو لڑکی انکار کیوں نہیں کرتی؟ لڑکا سنجیدہ ہو تو ایسا تقاضا نہیں کرتا عزت کے ساتھ بیاہ کے لے جاتا ہے لیکن اگر لڑکی ایسے تقاضے پر انکار کرے تو لڑکا بلاک کرنے کی دھمکی دیتا ہے اور لڑکی ہلاک ہونا شروع ہو جاتی ہے اور خود کو پیش کر دیتی ہے۔ بعد میں رسوا ہو تو الزام لڑکے پہ ڈال کے بری ہونا چاہتی ہے۔ لڑکیوں کو یہ بات آخر کیوں سمجھ نہیں آتی کہ لڑکی کے لئے دنیا چھوڑ دینے کی بات کرنے والا اپنی ضد کیوں نہیں چھوڑ دیتا۔ دوستی یا محبت ضرور کریں، یہ غلط نہیں ہے دوستی یا محبت کی آڑ لیکر غلط کرنا بہت غلط ہے جس کا بھگتان اکثر اوقات رسوا ہونے کی صورت صرف لڑکیوں ہی کو بھگتنا پڑتا ہے۔ ویڈیو بنا کے اپنی مرضی سے کسی کے ساتھ شئیر کی ہے تو اب اس کے شیئر ہونے کے بعد دوسرے کی مرضی ہے وہ اسے فارورڈ کرے یا ڈیلیٹ۔
