چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے، چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین

چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے، چینی قونصل جنرل ...
چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے، چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور  سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات  کی ۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں  پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور چینی باشندوں کے سیکیورٹی انتظامات کے بارے  میں تبادلۂ خیال کیا گیا ۔چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے،چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے۔

چینی قونصل جنرل نے بلٹ پروف کار محکمہ داخلہ پنجاب کے حوالے کی۔بلٹ پروف کار چینی سرمایہ کاروں اور انجینئرز کی نقل و حرکت کیلئے استعمال ہوگی۔چینی قونصل جنرل اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے آفیشلز اور سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے کوشاں ہیں۔حکومت پنجاب نے اپنے وسائل سے ایک بلٹ پروف وین فیڈمک کے حوالے کی،تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داران کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں، چائنیز سیکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد بڑھا رہے ہیں۔چینی باشندوں کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے وفاقی حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہر اہم موقع پر چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔چینی قونصل جنرل نے پریزن ریفارمز کے تحت اسیران کی تیار کردہ مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔چین کے ڈپٹی قونصل جنرل، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سیکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم و دیگر  بھی  اس موقع پر موجود تھے ۔