پاکستان اور ترکی کو قریب تر لانے کا وزیراعلیٰ شہباز شریف کا ویژن (2)
28ستمبر کو اپنے دورہ¿ ترکی کے اہم مرحلے پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ترکی کے وزیرتوانائی مسٹر ٹینر یلڈر(Tander Yildiz) اور ایگزم بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مٹر ہیرٹین کیپلن (Mr.Hayrettin Kaplan) سے الگ الگ ملاقات کی۔ ترک وزیر توانائی سے ملاقات میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے بحران نے پاکستان کی معاشی،صنعتی اور زرعی ترقی پر بُرے اثرات مرتب کئے ہیں۔لوڈشیڈنگ کے باعث معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہورہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے،خصوصاً توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کی جارہی ہیں۔ ترک کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اُٹھا سکتی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ترکی کی حکومت اور کمپنیوں کے تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ترک وزیر توانائی نے پنجاب کی ترقی کے لئے وزیرا علیٰ شہباز شریف کی پالیسیوں اور اَن تھک محنت کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ترکی کی حکومت پنجاب کی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ترک کمپنیاں پنجاب کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ترکی میں پنجاب کے لئے انرجی روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ترکی کی انرجی سیکٹر کی تمام کمپنیاں حصہ لیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے انرجی روڈ شو منعقد کرانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترک وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا۔ایگزم بینک کے ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ہیرٹین کپلین سے ملاقات میں ایگزم بینک نے صوبہ پنجاب میں پراجیکٹ فنانسنگ کے لئے اپنے قوانین میں ردوبدل پر بھی رضا مندی ظاہر کردی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری درخواست پر پراجیکٹ فنانسنگ کے لئے کنٹری لمٹ 100ملین ڈالر سے250 ملین ڈالرتک بڑھانے اور سوورن(Sovereign) گارنٹی کی شرط ختم کرنے پر پنجاب حکومت ایگزم بینک کی شکر گزار ہے۔ایگزم بینک توانائی،تعمیرات اور پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے میں تعاون کرسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سیکرٹری خزانہ پنجاب طارق باجوہ کو ایگزم بینک کے ساتھ پراجیکٹ فنانسنگ کے لئے دیگر اُمور طے کرنے کےلئے فوکل پرسن مقرر کردیا۔مسٹر ہیرٹن کپلین نے کہا کہ ایگزم بینک پنجاب میں پراجیکٹ فنانسنگ کے لئے اپنے قوانین کو پنجاب کی ضروریات کے مطابق تبدیل کرے گا۔ پنجاب میں مختلف منصوبوں کی فنانسنگ کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔اگلے روز29) ستمبر کو )پنجاب حکومت اور ترک کمپنی البراک کے درمیان لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ کے لئے بسوں کی خریداری کے معاہدہ پر دستخط ہوئے جبکہ پنجاب حکومت کے ادارے واسا اور استنبول میونسپلٹی کے ادارے”اِسکی“(ISKI) کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت ترک کمپنی”اسکی“ لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی طرز پر واسا کی تشکیل نو کرے گااور واسا کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترک حکومت اور کمپنیاں پنجاب کی ترقی وخوشحالی میں برابر کی شریک ہیں اور ہم ترک قیادت اور کمپنیوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ،گورنر اور میئر استنبول کے تعاون اور ذاتی دلچسپی پر اُن کی انتہائی شکر گزار ہے۔
اِسی روز استنبول میں پنجاب انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بورڈ کی طرف سے گورنر ومیئر استنبول،ترک کمپنیوں کے سربراہان اور اعلیٰ شخصیات کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ ترکی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ترکی کی حکومت اور کمپنیاں پنجاب کی ترقی وخوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔ ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں کا تعاون قابل ستائش ہے۔پنجاب میں ترک کمپنیوں نے600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور مستقبل میں ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ترک سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور دوطرفہ تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔اِس موقع پر میئر استنبول قادر توپباش نے کہا کہ وہ لاہور کی میزبانی کو کبھی نہیں بھلا سکتے اور لاہور کے لوگوں کی طرف سے شاندار استقبال آج بھی اُنہیں یاد ہے۔شہباز شریف کی لاہور میں میزبانی میری زندگی کے یادگار دن ہیں۔ میئر استنبول نے وزیرا علیٰ شہبا ز شریف کی پنجاب کے عوام کے لئے اَن تھک محنت اور بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف صوبہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے حقیقی معنوں میں اقدامات کررہے ہیں اور صوبہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ اُنہیں شہباز شریف جیسا لیڈر ملا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ترک کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کریں گی اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔گورنر استنبول نے بھی عشائیہ سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یقین دہانی کرائی۔اپنے دورے کے اختتامی روز30) ستمبر کو) وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اعزاز میں میئر استنبول قادر توپباش کی طرف سے عشائیہ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے استنبول میں شاندار مہمان نوازی پر میئر استنبول کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قادر توپباش نے ہمارے دل جیت لئے۔استنبول اور ترکی کے دیگر شہروں میں جو بے لوث پیار ملا اُسے وہ کبھی نہیں بھلا سکتے۔اِس دورے میں ایک خاص بات انقرہ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو حکمران جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی چوتھی سالانہ کانگریس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی جو پاکستانیوں کے لئے ایک منفر د اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔اِس کانگریس میں35 ممالک کے صدر ،وزرائے اعظم اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی جبکہ ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان نے اپنے افتتاحی خطاب میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا بطور خاص ذکر کیا اور اُن کی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُن کا نام لے کر اُن کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ترکی کے گذشتہ دوروں کی طرح یہ دورہ بھی کامیاب رہا اور دونوں ملکوں کے عوام کو قریب تر کرنے کا باعث بنے گا۔شہباز شریف ترک عوام میں کافی مقبول شخصیت بن کر اُبھرے ہیں ۔اگر توانائی کے شعبے میں ترک کمپنیوں کی مہارت سے استفادہ کرنے کی کوششیں کامیاب ہوگئیں تو بڑی حد تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے جان چھوٹ جائے گی۔خادم پنجاب نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی اور ثقافتی رشتوں کو فائدہ مند اقتصادی رابطوں میں تبدیل کرنے کا آغاز کردیا ہے۔بات اب یہیں تک نہیں رہے گی، بلکہ آنے والے دنوں میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوتا چلا جائے گا۔(ختم شد) ٭