روہت شرما ویسٹ انڈیز کےخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر
نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز روہت شرما فٹنس مسائل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہو گئے۔ ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی۔ روہت شرما رواں برس انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف بقیہ سیریز اور اس کے بعد رواں چیمپئنز لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئے تھے، شرما نے لیگ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنا تھی۔ کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق روہت شرما ابھی تک سو فیصد فٹ نہیں ہوئے جس کے باعث وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف لمیٹڈ اوورز میچوں کی سیریز کیلئے بھارتی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے تاہم امید ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ روہت شرما کو سات ٹیسٹ، 42 ٹی ٹونٹی اور 124 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔