سیلاب متاثرین کا امدادی رقوم نہ ملنے پر احتجاج،گونواز گو کے نعرے لگائے
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)ملتان میں سیلاب متاثرین نے عید سے قبل امدادی رقوم نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے ۔تفصیلات کے مطابق شہر اولیاءمیں پنجاب حکومت کی جانب سے 25ہزار روپے کی امدادی رقم نہ ملنے کے خلاف متاثرین سیلاب نے نواں چوک شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کچہری چوک پہنچ کر روڈ بلاک کردیا، متاثرین کا کہنا تھا کہ عید سر پر ہے اور گھروں میں فاقے ہیں،تین گھنٹے گزرنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہ کرنے پر مظاہرین مشتعل ہو گئے اور انہوں نے گو نواز گو کے نعرے لگانا شروع کردیئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات اور فوری امدادی رقم ملنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کروا دیا گیا ۔