انڈیکس میں 444پوائنٹس کا اضافہ‘ 41ہزار تک پہنچ گیا
کراچی(آن لائن) بازار حصص کی سرگرمیوں میں تیزی کیساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر گئی ،کے ایس ای100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ134 41 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو چھونے کے بعد 40900پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں96ارب سے زائدروپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے سرمائے کاحجم82کھرب سے بڑھ کر83کھرب روپے کی سطح پرجاپہنچا ۔ پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا ،تعمیرات ،فوڈز ،ٹیکسٹائل ،ایئر لائن ،بینکنگ اور ٹیلی کام سیکٹر میں تیزی کا رجحان غالب رہا،منافع بخش حصص کی خریداری میں اضافے کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40600،40700،40800،40900 ،41000اور41100پوائنٹس کی6نفسیاتی حدیں عبور کر گیا تاہم کاروبار کے اختتام پرانڈیکس400سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاک بھارت کشیدگی کی خبروں کو اہمیت نہیں دی بلکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو پہلے نمبر کا اعزاز ملنے پر سرمایہ کار زیادہ متحرک دکھائی دیے۔پیر کے روز کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں444.50پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیاگیاجس سے کے ایس ای 100انڈیکس 40541 .81پوائنٹس سے بڑھ کر40986.31پوائنٹس پرجاپہنچا اسی کے ایس ای30انڈیکس257.43پوائنٹس کے اضافے سے22693.63پوائنٹس اورکے اسی ای آل شیئرزانڈیکس27682.25پوائنٹس سے بڑھ کر 28005.58پوائنٹس پربندہوا۔
پیرکے روزمارکیٹ کے سرمائے میں96ارب5کروڑ2لاکھ24ہزار924روپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم82کھرب23ارب52کروڑ89لاکھ86ہزار808روپے سے بڑھ کر83کھرب19ارب57کروڑ92لاکھ11ہزار732روپے ہوگیا۔پیر کومارکیٹ میں56کروڑ84لاکھ73ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو17ارب روپے تک ریکارڈکی گئی جبکہ گزشتہ جمعہ 43کروڑ65لاکھ16ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو14ارب روپے تک محدودرہی تھی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیرکے روز مجموعی طورپر463کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے334کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،117میں کمی اور12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبارکے لحاظ سے پی آئی اے سی4کروڑ38لاکھ،بینک آف پنجاب4کروڑ34لاکھ،پیس پاک لمیٹڈ4کروڑ27لاکھ،سلک بینک لمیٹڈ2کروڑ95لاکھ اورکوئیس فوڈ2کروڑ47لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتارچڑھاؤکے اعتبارسے نیسلے پاک کے بھاؤمیں200روپے اوروائتھ پاک لمیٹڈکے بھاؤمیں115روپے کااضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاؤمیں100روپے اور فلپس مورس پاک کے بھاؤمیں78.26روپے کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی۔#