واقعہ کربلا معرکہ حق و باطل ہے،فنکاروں اور گلوکاروں کا اظہار خیال
حسن عباس زیدی
ماہ محرم الحرام شوبز سرگرمیاں بند فنکاروں کے گھروں پر مجالس اور نیاز کا اہتمام
واقعہ کربلا معرکہ حق و باطل ہے اسلام کی سر بُلندی کے لئے نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام حسینؓ ابن علی ؓ نے قربانی کی وہ عظیم داستان رقم کی جس مثال آج تک نہیں ملتی حضرت امام حسینؓ نے اپنے خاندان اور اصحاب کو اللہ کی راہ میں قربان کردیا ۔انہوں نے اپنی جان کا کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کردیا کہ ظالم کے آگے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے بلکہ دین کی عظمت پر اپنا جان اور مال سب کچھ لُٹا دو۔یزید کا دنیا میں نام و نشان تک مٹ گیا ہے جبکہ امام حسینؓ کی یاد میں تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے مجالس و محافل کا انعقاد کرکے اُن کی عظیم قربانی کی یاد مناتے ہیں ۔شوبز سے وابستہ افراد بھی ماہ محرم کو بڑی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔فنکار ،ہدایتکار پروڈیوسرز اور تکنیک کاراپنے اپنے گھر نیاز اور مجالس کا اہتمام کرکے واقعہ کربلا کی یاد مناتے ہیں۔شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس ماہ مقدس ، امام مظلومؓ کی شہادت اور قربانی کے بارے میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔میلوڈی کوئین آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس شاہد ہ منی نے کہا کہ یزید نے جو مظالم ڈھائے ہیں اُن کے سامنے چنگیز خان اور ہلاکو خان کے ظلم بھی چھوٹے نظر آتے ہیں امام حسینؓ نے اپنے نانا رسول اللہؐ کے دین کی سرفرازی کے لئے جو قربانی دی اس قیامت تک اسلام کا بول بالا کردیا میں ہر سال اپنے گھر پر مجلس عزا کا انعقاداور نیاز کا اہتمام کرتی ہوں۔مجلس عزا سے معروف عالم دین علامہ کرامت عباس حیدری خطاب کرتے ہیں۔گلوکارہ حمیرا چنا نے کہا کہ یزید اپنے مظالم کی وجہ لعنت کاحقدار ہے دنیا کا ہر شخص اس پر لعنت بھیجتا ہے جبکہ علماء کرام امام حسینؓ کی قربانی کی داستان کے ذریعے دنیا کو بتا تے ہیں دین کی بُلندی کے لئے ہمیشہ آلؓ محمدؐ نے قربانی دی ہے۔میرے گھر پر ہر سال مجلس عزا ہوتی ہے جس سے اسلامک ریسرچ سکالر علامہ کرامت عبا س حیدری فضائل ومصائب بیان کرتے ہیں۔سٹار میکر جرار رضوی نے کہا کہ آج دنیا کے کونے کونے میں اذان کے ذریعے اللہ کی شان بیان ہوتی ہے یہ سب امام حسینؓ کی قربانی کا صلہ ہے انہوں نے یزید کی بیعت کرنے کی بجائے اللہ کی راہ میں جان دینے کو بہتر جانا اور اپنے نانا رسول اکرمؐ کے دین کی عظمت پر شب خون مارنے والے اسلام دشمن عناصر کے منصوبے خاک میں ملادیئے ۔واقعہ کربلا ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے۔ڈائریکٹرڈاکٹر اجمل ملک نے کہا کہ یزید کے مظالم پر انسانیت آج بھی خون کے آنسو روتی ہے قیامت ہر درد دل رکھنے والا کربلا کے واقعے کو یاد کرکے روتا رہے گا۔نادیہ علی نے کہاکہ میں محرم میں دس دن تک زنجیریں پہن کر امام عالی مقامؓ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتی ہوں مسلمان امام حسینؓ کے نقش قدم پر چل کر ایک بار پھر پوری دنیا پر حکمرانی کرسکتے ہیں۔مسز عائشہ جاوید نے کہا کہ واقعہ کربلا ظالم کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا نام ہے آج امام حسینؓ کا نام سب لیتے ہیں جبکہ یزید پر اُ س کے مظالم کی وجہ سے ہر ذی شعور لعنت بھیجتا ہے۔میں ہر سال محرم کی پانچ تاریخ کو اپنے گھر پر نیاز کا اہتمام کرتی ہوں۔حاجی عبدالرزاق نے کہا کہ واقعہ کربلا کی یاد ہر مسلمان کو منانی چاہیے امام حسینؓ کی قربانی کی مثال قیامت تک نہیں ملے گی۔قیصر ثناء اللہ نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اسلام کی سر بلندی کا درس دیتا ہے امام حسین نے دین حق کے لئے اپنا سب کچھ لُٹا دیا ۔واقعہ کربلا اسلام کا سیاہ باب ہے۔چنگیز اعوان نے کہا کہ معرکہ کربلا کو 14سو سال کا عرصہ گذر چکاہے لیکن آج بھی اس کی یاد شان و شوکت سے منائی جاتی ہے اسلام کے دشمن اور یزید کے پیروکار دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے لئے اس وقت بھی دہشت گردی میں مصروف ہیں۔دہشت گردی کی وجہ سے ہزاروں بے گناہ جان گنوا چکے ہیں۔لائبہ علینے کہا کہ یزید کے شرمناک فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اگر ہم اپنی زندگی کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں امام حسین کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔میگھانے کہا کہ میں محرم کے تقدس میں شوبز کی سرگرمیاں ترک کردیتی ہوں میں اپنے آبائی گھر پر خواتین کی مجالس اور نیاز کا اہتمام کرکے امام حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔میرا ماننا یہ ہے کہ امام عالی مقامؓ کی مظلومیت پر جتنے بھی آنسو بہا ئے جائیں وہ کم ہے۔پروڈیوسر ارشد چوہدری نے کہا کہ میں محرم کے احترام میں دس روز کے لئے اپناتھیٹر بند کردیتا ہوں واقعہ کربلا کی یاد ہر مسلمان کو عقیدت کے ساتھ منانی چاہیے۔امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد معروف گلوکار ظفر اقبال نیویارکرنے کہا کہ میں محرم کے تقدس کے پیش نظر شوبز سرگرمیاں ترک کردیتا ہوں امام حسینؓ نے اسلام کو بچانے کے لئے جو کارنامہ انجام دیا اُس پر اُن کی ذات پر لاکھوں سلام دین کی خاطر انہوں نے اپنا سب کچھ قربان کردیا یزید نے امام عالی مقام پر مظالم ڈھا کر ہمیشہ کے لئے لعنت کو اپنا مقدر بنا لیا۔شین نے کہا کہ جو شخص محر م کا احترام نہیں کرتا وہ مسلمان کہلانے کا حقدار نہیں ہے۔یزیدی افواج کے مظالم سُن کر ہر درد دل رکھنے والے کی روح کانپ جاتی ہے ۔ایسے مظالم کی مثال تاریخ انسانیت میں نہیں ملتی ہے۔مذہب اسلام کا ہر پیروکار یزید کی مذمت اور امام عالی مقام کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے۔ماہ نور نے کہا کہ واقعہ کربلا کو یاد کرکے ہردل خون کے آنسو روتا ہے میں ہر سال اپنے گھر پر نیاز کا اہتمام کرتی ہوں۔امام عالی مقامؓ نے جان کا نذرانہ پیش کرکے دین حق کی عظمت کو بلند کیا اور یزید کا غرور خاک میں ملا دیا۔یزید آج کہیں نظر نہیں آتا جبکہ امام مظلومؓ کی مجالس و محافل جگہ جگہ منعقد ہوتی ہیں۔نشو بیگم نے کہا کہ یزید کے انسانیت سوز کارنامے پر ہر مذہب اور ملت کے انسان نے احتجاج کیا ہے۔خوشبونے کہا کہ میں محرم میں شوبز سرگرمیاں ترک کردیتی ہوں۔کوریوگرافر راجو سمراٹ نے کہا کہ اس ماہ میں سب کو مجالس اور محافل کا انعقاد کرکے امام عالی مقامؓ کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے۔دردانہ رحمان نے کہا کہ میں نو محرم کو اپنے گھر پر مجلس اور نیاز کا اہتمام کرتی ہوں جسمیں شوبز سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔میں بارہ دن کسی شوبز سرگرمی میں حصّہ نہیں لیتی ہوں۔نادر منہاس،نمرہ چوہدری ،پروڈیوسر اسحاق چوہدری ،یار محمد صابری ،آشا چوہدری،جیا بٹ،فائزہ،مسکراہٹ خان ، ملک طارق،الطاف قمر،شیبا بٹ،حسن عسکری،قمر الطاف،ثناء بٹ،ملائکہ ،زندگی،شہکی شیبا رانی اور دیگر نے بھی ملے جُلے خیالات کا اظہار کیا ہے۔