بھارت پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر کے ہمارے صبر کا امتحان نہ لے ،عمر کسانہ
لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف لاہور کے رہنما عمر کسانہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر کے ہمارے صبر کا امتحان نہ لے ،ورنہ انڈیا کی بزدل فوج کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔جس ملک کی فوج کے 40ہزارفوجیوں نے ممکنہ جنگ کے پیش نظر چھٹی کی درخواستیں دے دی ہوں وہ کیا خاک جنگ لڑے گی ۔جنگ لڑنے کے لیے اسلحہ سے زیادہ عزم اور حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے ۔بھارتی حکومت کو اپنی فوجی صلاحیتوں کو زہن میں رکھ کر پاکستان سرحدو ں کی خلاف ورزی کرنی چاہیے ۔اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جنگ کے حق میں نہیں ہے لیکن اگر بھارت اپنی مکاریوں اور دراندازیوں سے باز نہ آیا تو اسکو منہ توڑجواب دینا اس قوم کو بخوبی آتا ہے ۔بھارت اس وقت دنیا کے سامنے رسوا ہو چکا اور پاکستان پر الزامات لگانے کے لیے گھسے پٹے ڈرامے میڈیا کے ذریعے سامنے لا رہا ہے لیکن عالمی برادری بھی یہ جان چکی ہے کہ بھارت کشمیر اور پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔