فیلڈ افسران جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی یو ٹیلائزیشن کو یقینی بنائیں،خالد عیاض

فیلڈ افسران جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی یو ٹیلائزیشن کو یقینی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ تمام فیلڈ افسران اپنے متعلقہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی یو ٹیلائزیشن کو یقینی بنائیں اورکام کی رفتار بارے 10اکتوبرتک ہر صورت اپنی رپورٹ پیش کریں ورنہ ذمہ داروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبہ بھر کے ریجنل افسران کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو سید ظفر الحسن ،ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چودھری شفقت علی ،ڈپٹی ڈائریکٹرپلاننگ میاں حفیظ احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ڈی جی جنگلی حیات نے کہاکہ تمام ریجنل افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے دئیے گئے اہداف کا حصول یقینی بنائیں اورمحکمہ مواصلات و تعمیرات کے متعلقہ افسران سے قریبی رابطہ رکھیں اورہفتہ میں 3بار موقع پر جاکر منصوبوں کی رفتار کاجائزہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے فیصل آباد ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں تربیتی کورسز کا انعقاد کروانے کے سلسلہ میں معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کردیاجائیگا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اپنے متعلقہ بریڈنگ سنٹرز پر توجہ دیں اوران کے معاملات کو بہتر بنانے میں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔خالدعیاض خان نے کہا کہ تمام ریجنل افسران جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسرا ن کی باہمی مشاورت سے روڈ میپ بنا کر ہیڈ آفس بھجوائیں۔انہوں نے افسران کو اپنے متعلقہ اضلاع میں سروے کروا کر تیتر کی زیادہ آبادی والی تحصیلوں بارے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انہیں شکار کیلئے کھولی جانیوالی تحصیلوں میں شامل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تیتر کے شکار کیلئے صرف وہی تحصیلیں کھولی جائیں گی جہاں ان کی تعداد زیادہ ہوگی۔