منشیات کے خاتمہ کیلئے حکومت کیساتھ سول سوسائٹی اور شہری مل کر کام کریں،اکرم اشرف

منشیات کے خاتمہ کیلئے حکومت کیساتھ سول سوسائٹی اور شہری مل کر کام کریں،اکرم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اکرم اشرف گوندل اور رضوان اکرم شیروانی ڈائریکٹر، نوید احمد ای ٹی او ٹیکنیکل کے ساتھ سول سوسائٹی نیٹ ورک برائے انسداد منشیات کے چیئرمین اکمل اویسی نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد میں ضیا سلطان، ڈاکٹر ظفر اقبال میاں، فاضل بھٹی، کومل عبید اور عبید بیگ شامل تھے۔ اکمل اویسی نے سول سوسائٹی نیٹ ورک برائے انسداد منشیات پاکستان کی 2016ء میں نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے خصوصی مہم، تقریبات کی رپورٹ ڈی جی کو پیش کی اور آئندہ کیلئے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی بھرپور معاونت کی درخواست کی۔ اس موقع پر اکرم اشرف گوندل نے کہا معاشرے سے نشے کی لعنت ختم کرنے کیلئے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور عام شہریوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔ نشہ نوجوان نسل کا سب سے بڑا دشمن جس سے نوجوانوں کو بچانے کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے ہر ضلع سے ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی میں شامل کرنے کیلئے 3، 3 نام مانگ لیے۔ رضوان اکرم شیروانی نے کہا ہمارا ڈیپارٹمنٹ منشیات کیخلاف کام کرنیوالی تنظیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گا۔ اس موقع پر ڈی جی نے آرٹ پروڈکشن ہاؤس کے منشیات کیخلاف آگاہی کیلئے سٹیج پلے کے سلسلے کو پنجاب بھر میں کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے سلورلائننگ ٹریٹمنٹ سنٹر، یونائیٹڈ ویلفیئر ٹریٹمنٹ سنٹر،گلوبل ویلفیئرٹریٹمنٹ سنٹر، اے ایم ویلفیئر ٹریٹمنٹ سنٹر رینالہ خورد کے ویزٹ کی بھی یقین دہانی کرائی اور تنظیم الفجر پاکستان کے زیراہتمام شام کی بھٹیاں میں ٹریٹمنٹ سنٹر کے پراجیکٹ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔اکمل اویسی نے کہا معاشرہ سے منشیات کے خاتمہ کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے اور آگاہی کیلئے شہریوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تعاون سے موثر مہم چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا نشے کے عادی افراد کے علاج کیلئے ہر شہر میں ٹریٹمنٹ سنٹر بننے چاہئیں اس کیلئے سول سوسائٹی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔