سی پیک خطے سے دہشتگردی،انتہا پسندی اور غربت کے خاتمے میں اہم کر دار ادا کریگا :شہباز شریف

سی پیک خطے سے دہشتگردی،انتہا پسندی اور غربت کے خاتمے میں اہم کر دار ادا کریگا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور سی پیک سے پاکستان ہی نہیں بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ سی پیک گیم چینجرمنصوبہ ہے جس کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کا انقلاب آئے گا۔ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میں تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ چین کی سرمایہ کاری 46 ارب ڈالر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس میں ہزاروں ڈالرکی نئی سرمایہ کاری بھی آئے گی۔ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ سی پیک خطے سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور غربت کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر عملدرآمد سے پاک چین دوستی کے نئے روشن دور کا آغاز ہوا ہے۔ 46 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت اور پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں سی پیک منصوبوں پر رفتار اور معیار سے دن رات کام جاری ہے۔ رفتار کے ساتھ معیار اور شفافیت ان منصوبوں کاطرہ امتیاز ہے اور دنیا ان منصوبوں پرکام کی رفتار پر دنگ ہے ۔ پاک چین معاشی تعاون کے مثبت اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی مخالفت ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ بعض شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام کسی کو ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے اور سی پیک کے منصوبوں کو ہر قیمت پر تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں کی جا رہی ہے اور سی پیک کے تحت سندھ ، خیبرپختونخواہ سمیت ملک بھر میں توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی بحران کا خاتمہ ہو گا اور 2017 کے آخر تک پاکستان میں وافر بجلی موجود ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نے دوست ملک پاکستان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے توانائی منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ توانائی منصوبوں پر جس تیز رفتار سے کام ہو رہا ہے اس کی کوئی اور مثال موجود نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ 23 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے جبکہ عام طور پر 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔ سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ پاک چین دوستی کا اعلیٰ شاہکار بنے گا اور آئندہ سال وسط میں بجلی کی پیدوار شروع کر دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے سی پیک کی صورت میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے عظیم سفر کو پورا کرنے کیلئے عظیم موقع فراہم کیا ہے اور ہم سب نے مل کر سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھا کر پاکستان اور خطے کی تقدیر بدلنا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -