اظہر علی اگلے میچز میں تمام خامیوں پر قابو پانے کیلئے پُر عزم
شارجہ (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ بلے بازوں اور بولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی لیکن فیلڈنگ میں کافی کیچز چھوٹ گئے ہیں، اگلے میچز میں ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے بہترین شراکت قائم کی جس کی وجہ سے بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔ اظہر علی نے کہا کہ ہر میچ کو اہم سمجھ کر کھیل رہے ہیں۔ فیلڈنگ میں کافی کیچز چھڑے جس کا افسوس ہے۔ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا کہ پچ کافی مشکل ہو گئی تھی جس کے باعث بیٹسمینوں کو کافی مشکلات پیش آئیں۔ ہولڈر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے انہیں بھی اپنی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلا جائیگا۔