کوہاٹ ،ایم پی اے کی ہدایات پر عمل نہ ہوسکا
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش کی ہدایات پر عمل درآمد نہ ہو سکا دس دنوں کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود پرانا لاری اڈہ میں سیوریج سسٹم کی بحالی اور صفائی کا کام شروع نہ ہو سکا جیل روڈ پر تعمیراتی کام کے آغاز کے وعدے پر بھی عمل درآمد نہ ہو سکا پرانا لاری اڈہ کے تاجران مایوسی کا شکار‘ تفصیلات کے مطابق دس یوم قبل ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش نے پرانا لاری اڈہ میں تحریک انصاف اور ضلعی‘ تحصیل حکومتوں کے خلاف لگائے جانے والے بینرز پر ایکشن لیتے ہوئے ٹی ایم او عصمت اللہ‘ ایکسین ٹی ایم اے شاہ ہمراز‘ چیف سینیٹری انسپکٹر طارق خان بنگش‘ سب انجینئر سبحان الدین اور سی اینڈ ڈبلیو انجینئر حاجی زاہد کے ہمراہ پرانا لاری اڈہ کا تفصیلی دورہ کیا تاجروں سے ان کے مسائل اور مشکلات معلوم کرتے ہوئے ٹی ایم او کو ہدایت کی کہ پرانا لاری اڈے میں سیوریج کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے جبک اڈے میں ٹنوں کے حساب سے پڑے گندگی کے ڈھیروں کو بھی روزانہ کی بنیادوں پر صاف کرنے کا حکم نامہ جاری کیا انہوں نے سب انجینئر سی اینڈ ڈبلیو کو بھی جیل روڈ پر سیوریج لائن بنانے اور سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو آمدورفت اور کاروبار میں سہولت میسر ہو سکے مگر افسوس دس دن سے زیادہ گزرنے کے باوجود نہ تو سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے کام کا آغاز شروع کیا اور نہ ہی ٹی ایم اے کی جانب سے پرانا لاری اڈہ میں کسی بھی قسم کا کوئی کام ہو سکا اور تاحال پرانا لاری اڈے میں گندگی کے ڈھیر کئی دنوں سے پڑے دکھائی دیتے ہیں جبکہ گٹروں کا غلیظ پانی اسی طرح تالاب کی صورت میں جا بجا کھڑا دکھائی دیتا ہے اڈے کے تاجروں کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ ایم پی اے کے دورے کے بعد ہمیں یقین تھا کہ اب ہماری مشکلات ختم ہو جائیں گی مگر افسوس کہ ٹی ایم اے اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران اور اہلکاروں نے ایم پی اے کی ہدایات کو بھی جوئے کی نوک پر رکھتے ہوئے کوئی پروا نہ کی اور تاحال اڈے کی صورت حال پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے دوسری جانب ایکسین ٹی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہم بند سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں جلد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا تاجر برادری نے ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش سے اپیل کی کہ وہ وعدے کے مطابق دوبارہ اڈے کا دورہ کریں اور حالات کا جائزہ لیں۔