تورڈھیر میں ن لیگ کو دھچکا ،جنرل سیکرٹری مستعفی
تورڈھیر(نمائندہ خصوصی) یوتھ ونگ تحصیل لاہور کے نومنتخب جنرل سیکرٹری نے خاندان سمیت احتجاجاً(ن)لیگ کو خیبربادکہہ دیا، ایک سال سے زائد عرصہ تک قائم مقام صدر رہنے والے ملک مہردل خان کواجلاس میں بلائے بغیر عہدے سے ہٹاکر دوسرے شخص کو صدر جبکہ انہیں جنرل سیکرٹری مقررکیاگیا، اہم عہدیداروں کو بھی اجلاس میں بائی پاس کرتے ہوئے تنظیم نو کرکے فیصلے مسلط کرنا ڈکٹیٹر شپ کے مترادف ہے۔ نیبرہوڈ کونسل تورڈھیرون کے جنرل کونسلر ملک مہردل خان نے تحصیل لاہور پریس کلب کے نام ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے وقت سے لیکرسے تاحال مسلم لیگ (ن)کے یوتھ ونگ تحصیل لاہورکے قائم مقام صدر کے عہدے پر فائز رہے گزشتہ روز یوتھ ونگ تحصیل لاہور کی تنظیم نو کرائی گئی جسمیں نہ ہی مجھے شرکت کی دعوت دی گئی نہ ہی مجھ سے کسی نے مشاورت کی کوئی ضرورت محسوس کی ہے اگلے روز سوشل میڈیا اور دوسری ذرائع سے تنظیم نو کے بارے معلوم ہوا جسکے مطابق مجھے قائم مقام صدر کے عہدے سے ہٹاکر لاہور کے عادل نامی شخص کو یوتھ ونگ تحصیل لاہور کا صدر اور مجھے جنرل سیکرٹری چنا گیاتھا جس پر ڈکٹیٹر شپ کے تحت ہونے والے فیصلوں سے دل برداشتہ ہوکر تنظیمی عہدے اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ہے ملک مہردل خان نے بتایا ہے کہ انکا خاندان 1906 سے مسلم لیگ کیساتھ چلاآرہا تھا میرا دادا ملک شیرین خان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے جو اُس زمانے میں ضلع مردان کے صدر بھی رہ چکے تھے خود میں نے تین دفعہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور تینوں مرتبہ کامیاب رہا مگر اب محسوس ہورہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کو اب ہماری ضرورت نہیں رہی انکا مزید کہنا ہے کہ عزیز واقارب اور حلقہ احباب سے مشاورت کے بعد ہی کوئی اور پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ کریں گے۔