بشار الاسد کو ہٹایا گیا تو دہشت گرد شام پر قبضہ کر لیں گے، روس
ماسکو(اے پی پی) روس نے کہا ہے کہ صدر بشار الاسد کو ہٹایا گیا تو دہشت گرد شام پر قبضہ کر لیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا کہ روس سمجھتا ہے کہ شامی بحران سمیت تمام مسلح تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ ترجمان نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ صدر بشار اسد کو ہٹایا گیا تو دہشت گرد شام پر قابض ہو جائیں گے جس سے خطے پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، روس کے حوالے سے غیر منصفانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور اس نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو اپنے اقدامات پر عمل درآمد کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا امریکا کی جنگ پسندی، دروغ گوئی اور مفاد پرستی سے تنگ آچکی ہے۔