یمنی حوثی عالمی جہاز رانی کے لیے خطرہ بن گئے ، عرب اتحاد
الریاض (این این آئی)یمن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کے ذریعے ہونے والی جہاز رانی کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ حوثی شیعہ ملیشیا کے جنگجوؤں نے عدن سے معمول کے روٹ پر آنے والے متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز پر حملہ کیا تھا۔اس جہاز کے ذریعے امدادی سامان اور ادویہ عدن پہنچائی گئی تھیں اور واپسی پر وہاں سے زخمیوں کو لایا جارہا تھا۔عرب اتحاد کی فضائی اور بحری فورسز نے باب المندب کے نزدیک جمعے کی شب اس جہاز پر حملہ کرنے والی حوثی ملیشیا کی کشتیوں کو نشانہ بنایا تھا اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے جہاز پر سوار عام شہریوں کو بچا لیا تھا۔عرب اتحاد نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس واقعے سے حوثیوں کے باب المندب میں بین الاقوامی پانیوں میں شہریوں کے خلاف دہشت گردی کے حملوں کی عکاسی ہوتی ہے۔