امریکا کی اماراتی بحری جہاز پر حوثی باغیوں کے حملہ کی مذمت
واشنگٹن(اے پی پی) امریکا نے یمن کی بندرگاہ باب المندب میں متحدہ عرب امارات کے ایک بحری جہاز پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک باب المندب بندرگاہ پر اماراتی بحری جہاز پر حوثیوں کے حملے کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا باب المندب سے تمام جہازوں کی بحفاظت اور پرامن آمد ورفت کو یقینی بنانے کا پابند ہے۔
اور کسی کو وہاں سے گذرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔جان کیری نے یمنی باغیوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بحری جہازوں اور امدادی قافلوں پر حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کو حوثی باغیوں نے باب المندب میں متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز پر حملہ کردیا تھا۔ یہ جہاز یمن میں جنگ کے زخمیوں کو ملک سے باہر علاج کے لیے لے جانے اور متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر وہاں پہنچا تھا۔