بھارتی فوج کی پھر ایل او سی کی خلاف ورزی، افتخار آباد سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ
مظفر آباد(آن لائن) بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کی گئی جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح 4 بجے سے فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، بھارتی فوج کی جانب سے افتخار آباد سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیاگیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 5 روز میں تیسری بار لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، پہلے بھارتی فوج نے پونچھ بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاک فوج کے دو جوانوں کو شہید کیا اور دو روز قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی۔پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا کافی جانی و مالی نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاک فوج ہے، کوئی سرحد پار کر کے 5 کلو میٹر اندر آ جائے اور بچ کر دکھائے۔
بلا اشتعال فائرنگ