نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ٗ ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی
اسلام آباد( اے این این ) ایم کیوایم پاکستان نے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی ہے۔ قرارداد خواجہ سہیل منصور اور شیخ صلاح الدین نے جمع کرائی ہے ۔ اس قرارداد میں فاروق ستار اور دیگر ارکان اسمبلی کے بھی دستخط ہیں۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور حکومت معاشرے سے انتہا پسندی ختم کرنے کی ذمہ داری بھی ادا نہیں کر پائی، دہشت گردی تب تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک انتہا پسندی پر قابو نہ پایا جاسکے نیشنل ایکشن پلان کے اہم حصوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ضرب عضب میں بھی کامیابی حاصل نہیں ہورہی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر غور کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔
قرارداد