پاک چین راہداری منصوبہ میں نظرانداز کرنے پرشدید احتجاج کرینگے، آفتاب شیر پاؤ
الپوری (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قومی وطن پارٹی کے سربراہ سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر موتی خطے پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے ، اور خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، جنگ مسائیل کا حل نہیں ، معاملات افہام و تفہیم سے حل ہونے چاہئے، پاک چائینہ راہداری منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا کو نظراندازکیا گیا تو خون بہا دیں گے، اور بھر پور احتجاج کریں گے،مرکزی حکومت سی پیک منصوبے کے تحت بشام شانگلہ انڈسٹریل زون قائم کرے تا کہ شانگلہ ترقی کرسکے، شانگلہ میں ووکیشنل ٹیکنیکل سنٹرقائم کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز دورہ شانگلہ کے موقع پر شاہ پور شانگلہ میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ سے سینئر صوبائی وزیرسکندر حیات خان شیرپاؤ ، سابق صوبائی وزیر بخت بیدارخان ،ڈویژنل صدر فضل رحمن نونو ، ضلعی صدر متوکل خان ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سجاد، سلطان روم خان ایڈووکیٹ ، محب گل شلمانی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر دیرینہ مسلم لیگ کے بزرگ رہنما حاجی محمدزمان خان آف شاہ پور ، مجیداللہ ایڈووکیٹ ،ظفر خان، منظور احمد خان ، شیر عالم اور دیگر سینکڑوں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، قبل ازیں افتاب احمد خان شیر پاؤ جب شاہ پور پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیر پاؤ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پختونوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مغربی روٹ پر ہمارے خدشات ہیں ، اگر صوبہ خیبر پختونخوا کو نظر انداز کیا گیا تو اخری حد تک جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم نے مرکز ی حکومت پر واضح کردیا ہے کہ سی پیک کو شانگلہ کے راستے ملاکنڈ ڈویژن سے ہوتے ہوئے اور آگے موٹر وے سے لنک کیا جائے تا کہ دہشتگردی ، سیلاب ، زلزلہ اور قدرتی افاد کے زد میں مسلسل رہنے والا ملاکنڈ ڈویژن اور خاص کر ضلع شانگلہ ترقی کرسکے، آفتاب احمد خان شیر پاؤنے کہا کہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت بشام ضلع شانگلہ میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے، تا کہ یہاں سے غربت کا خاتمہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر عوام کے حقوق کیلئے اواز اٹھائی ہے، چاہے کسٹم ایکٹ کا معاملہ ، صوبہ کے حقوق کی بات ہو، انہوں نے کہا کہ پختونوں کے درمیان لکیریں کھینچنے سے مسائیل حل نہیں ہونگے، فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، تا کہ یہاں کے عوام کی احساس محرومیوں کا ازالہ ہوسکے، آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ ہم نے پینتیس سال تک افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے، اب انہیں باعزت طریقے سے واپس بھیجنے کے حق میں ہیں، آفتاب احمد خان شیر پاؤنے شانگلہ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیٹیوٹ قائم کرنے اور معدنیات کی ترقی کیلئے دفتر کے قیام کا اعلان بھی کیا، جلسہ سے خطاب کرنے سے قبل قومی وطن پارٹی کے ضلعی چیئرمین متوکل خان ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کیا اورشانگلہ کی محرومیوں کی نشاندہی کی گئی ۔