تربیلا کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کیلئے بھرپور اقدامات کرنا ہونگے،چیئرمین واپڈا

تربیلا کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کیلئے بھرپور اقدامات کرنا ہونگے،چیئرمین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپیشل رپورٹر) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے پراجیکٹ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لئے بھرپور اقدامات کریں ۔ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ منصوبے کی تکمیل کے لئے جو تعمیراتی معیار متعین کئے گئے ہیں اُن کو بہر صورت پیش نظر رکھا جائے۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پانی کی دستیابی اہم ترین ضرورت ہے اور زیر تعمیر منصوبوں سے اِس دستیابی میں بہتری آئے گی ۔دورے کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے ساتھ چیئرمین واپڈا کی گفت و شنید کا مقصد تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل کیلئے متعین ٹائم لائنزمیں ہم آہنگی لانا تھا ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر4 پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ پراجیکٹ پر 1410 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے تین یونٹوں کی تنصیب سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4ہزار 888میگاواٹ ہوجائے گی ۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا کا دورہ کیا اور کالج میں زیر تعلیم طالب علموں کو مہیا کی جانے والی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلباء کی کردار سازی کے لئے اِن سہولیات کو بہتربنانے کے بارے میں کیڈٹ کالج انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید :

صفحہ آخر -