اسٹینٹ پرنسپل میڈیکل آفیسرز کیلئے 79سرکاری ڈاکٹروں کی گریڈ 19میں ترقی

اسٹینٹ پرنسپل میڈیکل آفیسرز کیلئے 79سرکاری ڈاکٹروں کی گریڈ 19میں ترقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( جنرل رپورٹر)پراونشل سلیکشن بورڈ ii- کا سال رواں کے دوران 20واں اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں سینئرمیڈیکل آفیسرز (گریڈ۔18 ) میں تعینات جنرل کیڈر کے 79 ڈاکٹروں کو گریڈ ۔19میں بطور اسسٹنٹ پرنسپل میڈیکل آفیسرز ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ترقی پانے والے جنرل کیڈر کے ان ڈاکٹروں میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونے کے بعد ریگولرائز کئے گئے ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران گورنمنٹ محمد شہبازشریف ہسپتال ملتان کے اسسٹنٹ پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عامر قیوم اور سروسز ہسپتال لاہور کی اسسٹنٹ پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پروین الیاس کو بیک ڈیٹ سے پروفارما پروموشن دے کر گریڈ 19 میں ریگولرائز کرنے کافیصلہ بھی کیاگیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے تحت کام کرنے والے تھوریسک سرجری (Thoracic Surgery ) کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمدشعیب نبی کو گریڈ 19میں ترقی دے دی گئی ہے۔ اسی طرح انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور میں پیڈایاٹریک ہسٹوپتھالوجی کے ایک اسسٹنٹ پروفیسرجبکہ پیڈایا ٹریک نیورولوجی کی گریڈ18 کی ایک پوسٹ پر تعینات اسسٹنٹ پروفیسر کو بھی گریڈ 19 میں ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسر تعینات کر دیا گیاہے۔ میو ہسپتال لاہور میں تعینات نفرالوجی(Nephrology ) کے 2 اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسر تعینات کر دیا گیاہے۔ اجلاس کے دوران محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں بطور ریڈیالوجسٹ کام کرنے والے ڈاکٹر شجاعت حسین کو گریڈ۔19میں ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ شمائل احمد خواجہ نے پراونشل سلیکشن بورڈ ۔ii کا اگلا اجلاس سوموار 10 ۔اکتوبر کو منعقد کرنے کا اعلان کیا جس میں گریڈ 18کے 300مزید ڈاکٹروں کے ورکنگ پیپرز کاجائزہ لینے کے بعد انہیں گریڈ 19 میں ترقی دینے کا فیصلہ متوقع ہے ۔