راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں میں مجالس اور عزاداروں کے جلوسوں کو بھر پور تحفظ فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے بڑے پیمانے پرموثر اور خصوصی حفاظتی اقدامات کیے ہیں ۔ تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ اور دانشوروں سے بھی ملاقاتیں کی گئی ہیں۔ تا کہ محرم الحرام کے ان مقدس ایام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے اور اتفاق رائے سے امن و ہم آہنگی کی فضا قائم کی جائے۔ بسلسلہ محرم الحرام ضلعی سطح پر 04، ڈویژنل سطح پر 11اور تھانہ کی سطح پر29میٹنگز منعقد کی گئیں۔ جن میں امن کمیٹی ممبران، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، انجمن تاجران کے نمائندے اور امام بارگاہ کے متولیان و بانیان مجالس کے ساتھ میٹنگز کی گئیں۔ راولپنڈی ضلع بھر میں تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ راولپنڈی ضلع میں یکم محرم الحرام سے 10محرم الحرام تک 316جلوس اور 1766مجالس منعقد کی جاتی ہیں جن میں کیٹیگری "A"کے 41، "B"کے63اور کیٹیگری"C"کے212جلوس شامل ہیں جبکہ کیٹیگری"A"کی 209مجالس، "B"کی 355اور کیٹیگری "C"کی 1202مجالس منعقد کی جاتی ہیں۔ جن میں46جلوس لائسنسی ہیں اور270روایتی جلوس ہیں۔ یکم محرم الحرام تا30محرم الحرام تک کل 447جلوس نکالے جائیں گے جبکہ1916مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔راولپنڈی ضلع میں 07محرم اور10محرم کو بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں جو 07محرم کو 06ہزار کے قریب افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جبکہ 10محرم کو 07ہزار کے قریب افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ضلعی پولیس کے علاوہ سپیشل برانچ پولیس ، ایلیٹ فورس ، اسپ سوار ،پنجاب کانسٹیبلری کی اضافی نفری ، PQR، لیڈی پولیس اور رینجر ز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر باریک بینی سے تلاشی لی جائے گی۔ جلوس کے راستوں میں CCTVکیمرے نصب کیے جائیں گے۔ کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہو گی ۔ چھتوں پرمسلح پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ پولیس کی APCوین خصوصی طور پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود رہیں گی ۔ گشت میں اضافہ کیا جائے گا۔ امام بارگاہوں کے باہر سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ محلہ امن کمیٹی کے اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی سپیشل ٹیکنکل سرچنگ وسویپنگ کی جائے گی۔ اور جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکارڈ کلیئر کریں گے۔ برقعہ پوش خواتین کو لیڈی پولیس اہلکار خصوصی چیک کریں گی۔ راولپنڈی شہر کو بالخصوص جلوس ہائے کے مقررہ روٹس سے ملحقہ علاقے مکمل سیل کر دیے جائیں گے۔مقامی و غیر مقامی افراد کو مکمل تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی جازت ہو گی۔ جلوس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔ امام بارگاہوں کے ارد گرد پارکنگ کی اجاز ت نہ ہو گی۔مجلس اور جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کو میٹل ڈٹیکٹرسے چیک کیا جائے گااور چار مختلف جگہوں پر چیکنگ کی جائے گی ۔اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔ 7محرم الحرام اور 10محرم الحرام کو جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس کو دیں ۔راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ محرم الحرام میں بھی اپنے پیشہ وارانہ فرائض بھر پور ذمہ داری اور جذبہ سے سر انجام دے گی ۔