دہشتگردوں کے خلاف دنیا پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف کر رہی ہے :گورنر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی و امن پسند ملک ہے بیرون ملک میڈیا کے ذریعہ اس کے اصل تشخص کو مسنح کرکے دکھا یا جارہا ہے ، حالانکہ پر امن دنیا کیلئے جاری دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا فیصلہ پاکستان کا اپنا تھا جسے سیاسی ، عسکری قیادت اور عوام کی حمایت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ اس جنگ میں سیاسی قیادت اور عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ نبر د آزما ہیں ، اس جنگ میں دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور آج انھیں کہیں بھی جائے پناہ میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لئے پاکستانی قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا دنیا اعتراف کررہی ہے، جو لوگ بھی پاکستان آرہے ہیں ان کا یہی کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستان کے تشخص کو حقائق کے برعکس دکھا یا جارہا ہے ،پاکستانی بڑے پرامن اور مہمان نواز لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کے رجحان میں تیزی آرہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فُل برائٹ اسکالر شپ حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ اور ان کے ہمراہ امریکی رضا کاروں کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں عوام نے ہمیشہ امن و ترقی پسند جماعتوں کو ہی کامیاب کرایا ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی بڑے امن و ترقی پسند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تیز ترین ترقی کے لئے پاکستان کے تشخص کو دنیا بھر میں فاسٹ ٹریک پر بہتر بنانا انتہائی نا گزیر ہے اگر میڈیا زمینی حقائق کو من و عن پیش کردے تو بھی بہت بہتری لائی جا سکتی ہے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے غیر ملکی پاکستان کے اصل سفیر ثابت ہوئے ہیں جو یہاں کے حالات سے جب اپنے لوگوں کو آگاہ کر تے ہیں تو اس کا زیادہ اثر ہو تا ہے۔ اس موقع پر امریکہ سے آئے ہوئے وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کو اپنے غلط تشخص کا بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے ، پاکستان کے بارے میں انھوں نے امریکہ میں جو کچھ بھی سنا وہ اصل حقائق کے بر عکس ہے ، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے مکین امن و ترقی پسنداور مہمان نواز ہیں ان کی ثقافت میں بھی زندہ دلی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں آکر ہم بہت محظوظ ہوئے ہمارے قیام کے لمحات بہت خوش گوار ہیں یہاں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ۔وفد نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ امریکہ میں پاکستان کے صحیح تشخص کو اجاگر کرینگے ۔